عید پر مختلف جیلوں میں ملاقاتیوں کا رش، جذباتی مناظر

عید پر مختلف جیلوں میں ملاقاتیوں کا رش، جذباتی مناظر

لاہور (رپورٹ یونس باٹھ) سنٹرل جیل کوٹ لکھپت اورکیمپ جیل لاہور میں ملاقاتیوں کا رش رہا، لوگ اپنے پیاروں کو مل کر ایڈوانس عید مبارک دینے کے علاوہ انہیں مٹھائی، سویاں اور دیگر سامان دیتے رہے، کئی جذباتی مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔ جیل اہلکاروں نے رش کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور عید کے نام پر ملاقاتیوں سے پیسے بٹورتے رہے۔ جیل انتظامیہ نے کرپشن کا نوٹس نہیں لیا اور نہ ہی کسی کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی۔ واضح رہے عیدالفطر سے قبل گزشتہ روز لاہور کی دونوں جیلوں میں ملاقات کا آخری دن تھا اور جیل انتظامیہ کے مطابق جیل میں قیدیوں اور حوالاتیوں سے ان کے لواحقین کی ملاقات کا شیڈول طے ہے۔ مگرعید کے پیش نظر گزشتہ روز جیلوں میں پہنچنے والے ہر فرد کی بغیر کسی شیڈول کے ملاقات کروائی گئی۔

مزید : صفحہ آخر