مقبوضہ کشمیر ‘سید علی گیلانی کو گرفتار شبیر احمد شاہ کو نظر بند کردیا گیا
سرینگر (آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے کل جماعتی حریت کانفرنس گیلانی گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی کو گرفتار جبکہ شبیر احمد شاہ کو نظر بند کردیا گیا ۔ حریت ترجمان کے مطابق بیاسی سالہ بزرگ رہنما کو ان کی حیدرپورہ میں واقعہ رہائش گاہ کے باہر سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ جمعة الوداع کی ادائیگی کیلئے گھر سے باہر نکلے تھے وہ بارہمولا جارہے تھے جہاں انہوں نے یوم قدس کے سلسلے میں ایک ریلی سے خطاب کرنا تھا تامہ انہیں حراست میں لے لیا گیا بعد ازاں علی گیلانی کو رہا کرکے دوبارہ گھر میں نظر بند کردیا گیا پولیس اہلکار کے مطابق علی گیلانی کو گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہ دینے کے حوالے سے سختی سے احکامات تھے ۔ دریں اثناءعلی گیلانی نے اپنی مسلسل نظر بندی و گرفتاری کو بلاجواز اور ریاستی حکومت کی طرف سے ان کے مذہبی معاملات میں مداخلت کے مترادف قرار دیا ہے اپنے بیان میں انہوں نے عوام کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس موقع پر شہداءکی قربانیوں کو فراموش نہ کریں علاوہ ازیں پولیس نے ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ کو بھی حضرت بل جانے سے روک کر گھر میں نظر بند کردیا پارٹی ترجمان نے ان کی نظر بندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔ انہوں نے مذہبی معاملات میں مداخلت قرار دیا ہے ۔