پائلٹ حارث سلیمان کے لئے بعد از مرگ ایوارڈ
حکومت پاکستان نے پاکستانی نژاد امریکی پائلٹ حارث سلیمان کو بعد از مرگ ستارہ امتیاز دینے کا اعلان کیا ہے جو 23مارچ 2015ء کو دیا جائیگا۔ یہ کم عمر ترین پائلٹ ایک چھوٹے طیارے میں دُنیا کے گرد چکر لگانے کے ارادے سے نکلا تھا اور مرحلہ وار مختلف ملکوں کا چکر لگا کر امریکہ پہنچا تھا اور وہاں سے باپ بیٹا اس مہم کے آخری سفر پر روانہ ہوئے تھے کہ ان کا طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔جس میں وہ خود اور ان کے والد جاں بحق ہو گئے اور یوں دنیا کے گرد چھوٹے طیارے میں سفر کرنے کی ان کی خواہش کا انجام ایک المیے پر ہوا، ان کا مقصد نیک تھا اور وہ تعلیم کی ترقی کے لئے سرگرم عمل ادارے سٹیزنز فاؤنڈیشن کے لئے فنڈز اکٹھے کرنا چاہتے تھے۔ ان کا ٹاگرٹ ایک ملین ڈالر جمع کرناتھا جس کے وہ قریب پہنچ گئے تھے لیکن ان کی اپنی زندگی کا سفر ختم ہو گیا۔اللہ تعالیٰ (انشاء اللہ ) انہیں اس نیک جذبے کا اجر عطا فرمائے گا، حکومت پاکستان نے بھی ان کے لئے ایوارڈ کا اعلان کرکے اپنا ایک خوشگوار فرض پورا کیا ہے۔ جو قابل تعریف ہے۔