عازمین حج امت مسلمہ کی خیر خواہی کے لیے دعائیں کریں ،لیاقت بلوچ
لاہور(سٹاف رپورٹر)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے الحمرا ہال میں علما اکیڈمی کے زیراہتمام حج تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ عازمین حج امت مسلمہ کی خیر خواہی کے لیے دعائیں کریں ۔ مسلمانوں کے لیے فریضہ حج کی ادائیگی بڑی سعادت اور افضل عبادت ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری زندگیوں کا مقصد اللہ کی بندگی اور رسول اکرم کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق انسانی زندگی کی تعمیر اور رضائے الٰہی کا حصول ہوناچاہیے ۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ عازمین حج حجاز مقد س کے مقامات پر یکسوئی کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی عبادت میں اپنے آپ کو ڈھالیں ۔ سابق ڈائریکٹر حج آفتاب فروغ زیدی نے کہاکہ عازمین حج حکومت پاکستان اور سعودی حکومت کے ضابط اخلاق کی مکمل پابندی کریں ۔ ڈائریکٹر حج لاہور سعید ملک نے کہاکہ عازمین حج کے لیے حکومت پاکستان نے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے ہیں وہ قانون و ضابطے پر مکمل عمل کریں اور اپنے سفری کاغذات پاسپورٹ وغیرہ کسی دوسرے شخص کو ہر گز نہ دیں ۔ حج تربیت گاہ سے ڈاکٹر اشتیاق گوندل ، حاجی محمد سلیم ، قاری محمد سعید نے بھی خطاب کیا۔