بچی کے قتل اور زیادتی میں ملوث ملزمہ کی درخواست ضمانت خارج
لاہور(نامہ نگار)سیشن عدالت نے 2 سالہ بچی کے قتل اور زیادتی میں ملوث ملزمہ کی درخواست ضمانت خارج کر دی ۔ایڈیشنل سیشن جج رفاقت علی قمر نے بچی کے قتل اور زیادتی میں ملوث خاتون کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، ملزمہ بشری بی بی کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزمہ کو بے بنیاد اور جھوٹے مقدمہ میں ملوث کیا گیا ہے جبکہ دو سالہ بچی عاصقہ چھت سے گر کر جاں بحق ہوئی تھی اور محلے داروں نے پھنسانے کےلئے جھوٹا مقدمہ درج کروایا ہے، نشتر کالونی پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کے بیٹے شہزاد مسیح نے چھ جولائی کی رات 8 بجے گلی سے اٹھایا اور گھر لیجا کر زیادتی کانشانہ بنایا اور بچی کی حالت غیر ہونے پر ملزم شہزاد کے والدین نے اپنے بیٹے کا جرم چھپانے کے لیئے دو سالہ عاصقہ کو کرنٹ لگا کر قتل کر دیا، نشتر کالونی پولیس نے مقتول بچی کے والد امجد پرویز کی درخواست پر چھ جولائی کو مقدمہ درج کر کے ملزم کی والدہ بشری بی بی کو گرفتار کر لیا جبکہ ملزم شہزاد موقع سے فرار ہو نے میں کامیاب ہو گیا، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور شواہد دیکھنے کے بعد دو سالہ عاصقہ سے زیادتی اور قتل میں ملوث خاتون بشری بی بی کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔