امریکہ نے داعش کے ترجمان ابومحمد العدنانی کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا

امریکہ نے داعش کے ترجمان ابومحمد العدنانی کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن(اظہر زمان ،بیوروچیف)امریکہ نے عراق اور شام میں جنگجوؤں کی تنظیم داعش کے ترجمان ابومحمد العدنانی کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیاہے۔ گزشتہ روز وزارت خارجہ کے ایک اعلان میں بتایا گیا ہے کہ امریکی انتظامیہ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے اسے عالمی دہشت گرد قرار دے کر اس کی امریکہ میں جائیداد ضبط کرلی ہے اور اس کے ساتھ کسی امریکی شہری کے لین دین پر پابندی عائد کردی ہے۔
داعش کے خلافت کے قیام اور ابو بکر البغدادی کو خلیفہ مقرر کرنے کا اعلان عدنانی نے ہی اس تنظیم کے ترجمان کے طور پر جاری کیاتھا۔ اس اعلان کے وقت بتایا گیا تھا کہ خلافت دائرہ صرف عراق اور شام تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر کے تمام مسلمانوں پر واجب ہے کہ وہ بغداد کی اطلاعت قبول کریں۔ اس بناء پر امریکہ سمیت اقوام متحدہ کے دیگر ممالک نے داعش کو عالمی امن کیلئے خطرہ قرار دیا تھا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس وقت قرار داد2170 کے ذریعے داعش اور النصرہ فرنٹ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دیا تھا اور ان سے منسلک جن افراد کو نامزد کیا گیا تھا ان میں ابو محمد العدنانی بھی شامل تھا۔
عدنانی شام میں پیدا ہوا تھا جس کا پیدائشی نام طحہ تھا۔ وہ اب داعش کی طرف سے تمام پیغامات جاری کرتا ہے۔ داعش کا ترجمان بننے سے قبل وہ عراق میں غیر ملکی جنگجوؤں کی طرف سے کارروائیاں کرنے والے اولین گروہ میں شامل تھا۔

مزید :

صفحہ آخر -