شفیق آباد ، 23سالہ نوجوان کو اغوا کے بعد تشددکر کے قتل کر دیا گیا
لا ہور (کرا ئم سیل )شفیق آباد کے علاقہ میں 23سالہ نوجوان کی تشدد زدہ نعش برآمد ہوئی ہے جسے اغواء کے بعد تشدد کرکے قتل کیا گیا ،شاہدرہ کا رہائشی ظہیرقیصر نانی کے گھر کریم پارک آیا تھا ،جوان بیٹے کی نعش گھر پہنچنے پر کہرام برپا ہوگیا ،مقتول کی چند ہفتوں بعد شادی تھی ۔تفصیلات کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن کے رہائشی سہیل احمد کا جواں سالہ بیٹا ظہیر قیصر گزشتہ روز اپنی نانی کو ملنے ان کے گھر واقع کریم پارک گیا تھا، وہ وہاں تو نہ پہنچ سکا مگررات گئے اس کی تشدد زدہ نعش کریم پارک گول پارک کے قریب پڑی تھی جس کی اطلاع مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس کو دی ۔مقامی افراد سے پوچھ گچھ میں مقتول کی شناخت ہوئی ،بیٹے کی موت کی اطلاع ملنے پر اہل خانہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ ظہیر قیصر کے والد سہیل احمد کے مطابق ان کے بیٹے کو اغواء کے بعد تشدد کرکے قتل کیا گیا ہے ۔ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے ظہیر کی چند ہفتوں بعد شادی ہونے والی تھی جس کے سلسلے میں وہ اپنی نانی کو ملنے آیا تھا جہاں ظالموں نے اسے قتل کردیا ۔پولیس نے نعش کو قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے بھجواکر مقتول کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرتے ہوئے کاروائی کا آغاز کردیا ،پولیس کے مطابق مقتول کو کسی اور علاقہ میں قتل کر کے اس کی نعش کوکریم پارک میں پھینک دیا گیا ۔تفتیش جاری ہے ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا ۔