سعودی عرب میں دو ٹریفک حادثات ، 18 افراد جاں بحق
ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں شاکرہ قسیم روڈ پر گاڑی ایک ٹینکر سے ٹکرانے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔ سعودی میڈیا کے مطابق بدقسمت گاڑی قسیم جا رہی تھی کہ راستے میں ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ مرنے والوں میں 7 لڑکیاں، 2 لڑکے اور انکا باپ یحییٰ ابو آجرہ اور اس کی دوسری 23 سالہ بیوی شامل ہیں۔ ابو آجرہ قسیم میں ملازمت کرتا تھا۔ مرنے والے بچوں کی عمریں دو ماہ سے لے کر 18 سال کے درمیان ہیں۔ اللیث میں ہونے والے ایک دوسرے حادثے میں سات افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جن میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد شامل ہیں۔