تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت کے درمیان کور کمیٹی میں ہونے والے اہم ترین فیصلوں میں شدید اختلافات کا انکشاف ہوا ہے تاہم حتمی فیصلے کے اختیار پارٹی قائد عمران خان کے پاس ہونے وجہ سے رہنما ﺅں کی ایک نہ چلی ۔تفصیلات کے مطابق سول نافرمانی اور اسمبلیوں سے استعفوں کے فیصلے کا مشورہ دینے والوں میں سر فہرست شاہ محمود قریشی ہیں جبکہ ان کے علاوہ شیریں مزاری، سیف اللہ، شفقت محمود، عندلیب عباس، محمود الرشید نے بھی ان فیصلوں کی حمایت کی جبکہ دوسری طرف جاوید ہاشمی، جہانگیر ترین، عارف علوی اور اسد عمر کی طرف سے سول نافرمانی اور اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا اور اسے آخری آپشن کے طور پر رکھنے کا مشورہ دیا۔ پارٹی قائدین کے درمیان کور کمیٹی کے پیر کو ہونے والے اجلاس میں عمران خان نے بھی اس بات کو محسوس کیا کہ ان کا سول نافرمانی کا فیصلہ ٹھیک نہیں تھا، پارٹی کے کچھ رہنماﺅں کی طرف سے یہ بھی مشورہ دیا گیا کہ وہ فیصلہ واپس لے لیں اور اسمبلیوں سے استعفیٰ کا آپشن استعمال کریں، جاوید ہاشمی، عارف علوی اور اسد عمر کی طرف سے یہ مشورہ دیا گیا کہ حکومت کو فائنل ڈیڈ لائن دی جائے اور اس کے بعد ریڈ زون کی طرف پیش قدمی کی جائے کیوں کہ اس سے حکومت پر دباﺅ بڑھے گا اور وہ مطالبات منظور کرنے کے حوالے سے سنجیدہ ہوگی۔