لمبی اور صحت مند زندگی کیلئے قدیم ترین نسخہ دریافت
نیویارک (نیوز ڈیسک) ہمیشہ جوان رہنے کی خواہش انسان کو آب حیات کی تلاش اور ایجاد پر صدیوں سے مجبور کئے ہوئے ہے اورمختلف اوقات میں اس کے مختلف راز سامنے آتے رہے ہیں۔ حال ہی میں امریکہ میں ایک ایک ہوٹل کی تعمیر کیلئے کی جانے والی کھدائی کے دوران ایک چھوٹی سی بوتل دریافت ہوئی جس پر آب حیات کے الفاظ کندہ تھے اور یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ طویل زندگی کا راز ہے۔ کھدائی کے مقامات پر آثار قدیمہ کے معاملات کا خیال رکھنے والی کمپنی Chrysalis Archaeology نے تحقیق سے معلوم کیا کہ اس ننھی بوتل میں موجود محلول 200 سال قبل تیار کیا گیا ۔ جادوئی قرار دئیے گئے محلول کی تیاری کی ترکیب بھی جرمن طب کی ایک قدیم کتاب میں ڈھونڈلی گئی ہے۔ قدیم جرمن علم کے مطابق آب حیات بنانے کی ترکیب کچھ یوں ہے:
ربارب، Gention کی جڑ، سفید ہلدی اور ہسپانوی زعفران میں سے ہر چیز 23 گرام مقدار لے کر اس میں 13 گرام ایلو کا جوس، 4 اونس پانی اور 12 اونس اناج کا الکوحل شامل کرلیں۔ تین دن تک اسے وقفے وقفے سے ہلاتے رہیں اور پھر باریک کپڑے سے چھان لیں۔ ماہرین طب و صحت کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس فارمولے میں شامل اجزاء کی انفرادی طور پر کچھ مثبت خصوصیات ہوسکتی ہیں لیکن مجموعی طور پر اس آب حیات قرار دینا ناقابل فہم ہے۔