ہندوؤں کو انسانی بم بن کر پاکستان پر دھاوا بول دینا چاہیے،شیوسینا
ممبئی(آن لائن ،اے این این)بھارت کی ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا نے بال ٹھاکرے کے انتہا پسندانہ نظریات کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوؤں کو انسانی بم بن کر پاکستان پر دھاوا بول دینا چاہیے۔شیوسینا نے اپنے ایک بیان میں ایک ہفت روزہ جریدے کی طرف سے بال ٹھاکرے کے خلاف لکھے گئے مضمون پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ بال ٹھاکرے نے ہندو دہشت صرف ملکی مفادات میں پھیلائی اور لوگ بال ٹھاکرے سے بے پناہ محبت کرتے اور ان کا احترام کرتے ہیں اور ان کے قوم پرستانہ نظریات پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ہندوؤں کو اپنے ملک میں فخر کے ساتھ رہنا چاہیے اور ان کی آواز شیر کی طرح گونجنی چاہیے۔ بیان میں پاکستان مخالف زہر افشانی کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہندوؤں کو انسانی بم بن کر پاکستان پر حملہ کرنے کی ضرورت ہے اگر بال ٹھاکرے کا یہ کہناکہ پاکستان کے انتہا پسندوں کو انہی کی زبان میں جواب دینا چاہیے دہشت گردی ہے تو پھر یہ دہشت گردی ملک کے مفاد میں ہے۔
