پی آئی اے کے لئے بوئنگ کمپنی کی عمدہ پیشکش

پی آئی اے کے لئے بوئنگ کمپنی کی عمدہ پیشکش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

یہ اطلاعات حوصلہ افزا ہیں کہ قومی ایئر لائن ’’پی آئی اے‘‘ کو منافع بخش بنانے کے لئے حکومتی سطح پر کوششوں میں کامیابی کے بعد مشہور عالم بوئنگ کمپنی نے بھی فراخدلانہ تعاون کی پیشکش کی ہے۔پی آئی اے میں بہتر سروسز کے لئے یوم آزادی کے موقع پر ’’پریمیئر سروس‘‘ کا آغاز کیا گیا ہے۔ یہ سروس بہت پسند کی گئی ہے اور ابتدائی رپورٹ بہت اچھی بتائی گئی ہے۔ اب بوئنگ کمپنی نے بھی پی آئی اے کے آپریشنز کو مزید بہتر اور جدید بنانے کے لئے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اسی دلچسپی کو پی آئی اے کی منافع بخش حیثیت بحال کرنے کے لئے تعاون قرار دیا گیا ہے۔ بوئنگ کمپنی کے ساتھ پی آئی اے کی رفاقت1960ء سے چلی آ رہی ہے اور بوئنگ777 کے ساتھ اب تک قائم ہے۔ بوئنگ کمپنی کے صدر نے کہا ہے کہ بوئنگ کمپنی کو پی آئی اے کے موجودہ 777-300ERS کو نئے 787ڈریم لائنز طیاروں میں تبدیل کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ اس سے وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے پی آئی اے کو منافع بخش بنانے کے لئے ’’پریمیئر سروس‘‘ شروع کرنے کے فیصلے میں توسیع ہو گی۔ بوئنگ کمپنی کا تعاون پی آئی اے کو ایشیا اور یورپ کے دِل میں اپنی خدمات کو منوانے میں کامیابی سے ہمکنار کرے گا۔ بوئنگ کمپنی کی دلچسپی نیک فال ہے اور پی آئی اے انتظامیہ کو اس سے فائدہ اُٹھانا چاہئے۔ بوئنگ کمپنی کے تعاون کی پیشکش پُراعتماد ہے اور دیرینہ رفاقت سے موجودہ حالات میں بھی باہمی تعاون کو جاری رہنا چاہئے۔

مزید :

اداریہ -