واپڈا نے ’’10 لاکھ درخت اُگاؤ مہم‘‘ کا باقاعدہ آغاز کر دیا

واپڈا نے ’’10 لاکھ درخت اُگاؤ مہم‘‘ کا باقاعدہ آغاز کر دیا

لاہور (کامرس رپورٹر) واپڈا نے گزشتہ روز ’’10 لاکھ درخت اُگاؤ مہم‘‘ کا باقاعدہ آغاز کر دیاہے ۔ مذکورہ شجرکاری مہم کے تحت مالی سال2016-17 ء کے دوران چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر ، گلگت۔ بلتستان اور وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقوں میں واقع واپڈا کے مختلف منصوبوں پر 10 لاکھ درخت لگائے جائیں گے ۔شجرکاری مہم کے آغاز کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیرِ مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی تھے ، جنہوں نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔چیئرمین واپڈا ظفر محمود، ممبر(پاور) بدرلمنیرمرتضیٰ اور واپڈا کے مختلف منصوبوں کے جنرل منیجرز بھی تقریب میں شریک تھے ۔

اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پانی و بجلی نے شجر کاری کے حوالے سے واپڈا کی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ درختوں کی افزائش سے نہ صرف آبی ذخائر کے کیچ منٹ ایریاز میں زمین کو کٹاؤ سے بچانے میں مدد ملتی ہے ، بلکہ آلودگی کے باعث ماحولیاتی تبدیلوں کے مضر اثرات میں بھی کمی واقع ہوتی ہے ۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ واپڈا شجرکاری مہم کے دوران لگائے جانے والے پودوں کی دیکھ بھال کے ساتھ اُن کی افزائش کو بھی ممکن بنائے گا ۔چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ مالی سال 2016-17 ء کے دوران واپڈا کے مختلف منصوبوں پر 10 لاکھ درخت لگانے کے لئے3 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ اُنہوں نے بتایا کہ اِس مہم کے دوران پودوں کی اُن اقسام کا انتخاب کیا جائے گا، جو پراجیکٹ کے موسم کے لئے موزوں ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ واپڈا اپنے پانی اور پن بجلی کے منصوبوں پر ہر سال لاکھوں درخت لگاتا ہے تاہم اِس سال مذکورہ مقصد کے لئے 10 لاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مؤثر واٹر شیڈ مینجمنٹ کی بدولت منگلاجھیل کی عمر میں مزید سوسال کا اضافہ ہو چکا ہے اور اِس کامیاب واٹر شیڈمینجمنٹ پروگرام میں شجر کاری کا کردار نہایت اہم رہا ہے ۔

مزید : کامرس


loading...