پی سی بی کی قومی ٹی 20کرکٹ کپ کیلئے تیاریاں شروع

پی سی بی کی قومی ٹی 20کرکٹ کپ کیلئے تیاریاں شروع

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں ماہ منعقد ہونیوالے قومی ٹی 20کرکٹ کپ کے کامیاب انعقاد کیلئے اپنی تیاریاں شروع کر دی جبکہ ایونٹ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی مشاورت شروع کر دی ہے ۔ پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن اور راولپنڈی ریجنل کرکٹ ایسو سی ایشن کے صدر میجر (ر) نعیم گیلانی کے مطابق 25اگست سے شروع ہونیوالے ملکی ڈومیسٹک کرکٹ کے سب سے بڑے میلے میں پاکستان کے ٹاپ کرکٹرز ایکشن میں نظر آئینگے ، دو مرحلوں میں ہونیوالے ایونٹ کا فائنل 16ستمبر کو ملتان میں کھیلا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ دو مرحلوں میں ہونیوالے ایونٹ کا پہلا مرحلہ 25اگست سے 2ستمبر تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا جس میں لاہوروائٹس، لاہور بلیوز، کراچی وائٹس ، کراچی بلیوز، پشاور، راولپنڈی ، فاٹا اور اسلام آباد کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی ، 9روز تک جاری رہنے والے پہلے راونڈ میں روزانہ دو میچز کھیلیں جائینگے اور پول راونڈ کے 14میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہونگے ۔میجر (ر) نعیم گیلانی کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں پہلے راونڈ کے کامیاب انعقاد کیلئے آرگنائزنگ کمیٹی نے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں ، ایونٹ کے شاندار انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں جائینگے جبکہ ایونٹ کی سیکیورٹی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے بھی اس حوالے سے مشاورت شروع کر دی گئی ہے ۔25اگست سے 16ستمبر تک کھیلے جانیوالا نیشنل ٹی 20کرکٹ چیمپین شپ راولپنڈی اور ملتان میں کھیلا جائیگا ،میگا ایونٹ میں کامران اکمل لاہور وائٹس، خالد لطیف کراچی بلیوز،اکبر الرحمن کراچی وائٹس ، سہیل تنویر راولپنڈی ،رفعت اللہ مہمند پشاور، فواد خان فاٹا کی ٹیموں کی قیادت کرینگے جبکہ ایونٹ میں شاہد آفریدی اسلام آباد ، مصباح الحق کراچی وائٹس کی نمائندگی کرینگے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی