اولمپکس، بھارت کی ساکشی ملک نے کانسی کا تمغہ جیت لیا
ریو ڈی جنیرو (این این آئی)برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جاری اولمپکس مقابلوں میں بھارت کی ساکشی ملک نے کْشتی کے مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیت لیا ہے۔ریو اولمپکس مقابلوں میں یہ انڈیا کا پہلا تمغہ ہے تاہم ساکشی ملک اولمپکس مقابلوں میں انڈیا کیلئے کْشتی کے مقابلوں میں تمغہ حاصل کرنے والی پہلی اور مجموعی طور پر چوتھی خاتون ہیں ٗ23 سالہ ساکشی نے خواتین کے فری سٹائل ریسلنگ کے 58 کلوگرام مقابلے میں کرغستان کی اسولو تینبیکووا کو پانچ کے مقابلے میں آٹھ پوائنٹس سے ہرایا۔ دلچسپ مقابلے میں ایک موقع پر ساکشی ملک پانچ صفر سے ہار رہی تھیں تاہم انھوں نے بھرپور انداز میں واپسی کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی۔ساکشی ملک کی فتح پر بھار ت کے وزیر اعظم نریندر مودی سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے انھیں سوشل میڈیا پر مبارکباد دی ہے۔نریندر مودی نے اپنے پیغام میں ساکشی کو انڈیا کی بیٹی قرار دیا اور کہا کہ رکھشا بندھن کے مبارک تہوار پر انڈیا کی بیٹی ساکشی ملک نے کانسی کا تمغہ جیت کر ہم سب کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے