قومی ورلڈ جونیئر سکواش چیمپین ٹیم آج وطن واپس پہنچے گی

قومی ورلڈ جونیئر سکواش چیمپین ٹیم آج وطن واپس پہنچے گی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ورلڈ جونیئر چیمپین شپ میں پاکستان کیلئے سونے کا تمغہ اپنے نام کرنیوالی قومی جونیئر سکواش ٹیم آج (جمعہ ) کی صبح وطن واپس پہنچے گی۔ تفصیلات کے مطابق قومی جونیئر ٹیم نے اپنے شاندارکھیل کی بدولت مصر کو 2-1سے شکست دیکر پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتا تھا ، ٹیم میں محمد اسرار احمد، عباس شوکت،احسن ایاز، مہربان جاوید اور کاشف آصف شامل ہیں جبکہ قمر زمان ٹیم منیجر اورامجد خان ٹیم کے کوچ ہیں ۔ ٹیم جمعہ کی صبح پولینڈ سے اسلام آباد پہنچے گی ۔ دوسری جانب پاک فضائیہ کے سربراہ اورپاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر ائیر چیف مارشل سہیل امان نے ورلڈ جونیئر چیمپین شپ جیتنے پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مبارکبادی دی ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ کھلاڑیوں کی کامیابی کا یہ سلسلہ یہاں ہی ختم نہیں ہوگا بلکہ جونیئر سکواش ٹیم زیادہ محنت اور لگن سے کام کرے گی تاکہ ہم اپنا سکواش کے میدان میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی