ریو اولمپکس میں قومی دستہ کی رسمی شرکت کے بعد وطن واپسی

ریو اولمپکس میں قومی دستہ کی رسمی شرکت کے بعد وطن واپسی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) ریو اولمپکس میں قومی دستہ کی رسمی شرکت کے بعد وطن واپسی کے باوجود پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اور پاکستانی دستہ کے آفیشل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا نے برازیل میں ہی ڈیرے ڈال لئے جن کی گیمز کی اختتامی تقریب کے بعد وطن واپسی کے پیش نظر پاکستان سپورٹس بورڈ کو مالی معاملات کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل 5اگست سے شروع ہونیوالی اولمپک گیمز میں پاکستانی دستہ کے آفیشل کے طور پر 2اگست کو ہی برازیل روانہ ہو گئے تھے ، گیمز میں رسمی شرکت کے بعد پاکستانی اتھلیٹس اور آفیشلز کی وطن واپسی شروع ہو گئی لیکن ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا نے قومی پلیئرز کیساتھ وطن واپس آنے کی بجائے برازیل میں ہی ڈیرے ڈال لئے ہیں اور اب ان کی گیمز کی اختتامی تقریب میں شرکت کے بعد 22یا23اگست کو وطن واپسی متوقع ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل نے برازیل جاتے ہوئے سپورٹس بورڈ کے مالی معاملات احسن انداز میں چلانے کیلئے سپورٹس بورڈ کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل سید حبیب شاہ کو فنانشل پاور نہیں دی جس کے باعث پی ایس بی کی فنانشنل امور سے متعلق بعض فائلیں رکنے کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اس ضمن میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل سید حبیب شاہ سے رابطہ کرنے پر انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ان کی کوشش ہے کہ پی ایس بی سے متعلق تمام امور کو احسن انداز میں انجام دیں جبکہ بورڈ کے فنانشل پاور کے حوالے سے ان کے پاس جتنا اختیار ہے وہ اتنا استعمال کر رہے ہیں ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی