کانگو وائرس کے حملے کا خطرہ ، ہسپتالوں میں ابتظامات نامکمل

کانگو وائرس کے حملے کا خطرہ ، ہسپتالوں میں ابتظامات نامکمل

 لاہور(جاوید اقبال)صوبائی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں کانگو وائرس کے ممکنہ حملہ سے نمٹنے کے لئے انتظامات مکمل نہ ہو سکے ہسپتالوں میں فرائض سر انجام دینے والے عملہ کو حفاظتی ساز و سامان مل سکا اور نہ ہی کانگو کے ممکنہ مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے آئی سو لیشن وارڈز اور رومز بن سکے اور نہ ہی عملہ کی تربیت کا انتظام کیا جا سکا۔جس کے خلاف ڈاکٹرز کی مختلف تنظیموں نے حکومت کو مختلف خطوط ارسال کئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے لئے جانوروں کی آمد کے ساتھ ہی صوبائی دارالحکومت میں کانگو وائرس کا حملہ ہو سکتا ہے چونکہ یہ مرض جانوروں سے پھیلتا ہے اور اس وقت پورے ملک کے بعض شہروں میں اس وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو چکی ہے اور اس سے ایک ڈاکٹر بھی جاں بحق ہو چکا ہے جس کے بعد خطرہ بھانپتے ہوئے حکومت پنجاب نے صوبائی دارالحکومت سمیت تمام ہسپتالوں میں کانگو وائرس سے ممکنہ طور پر سامنے آنے والے مریضوں سے نمٹنے کے لئے باقاعدہ طور پر ایس او پیز جاری کئے تھے جس کے مطابق تمام ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی تھی کہ ایمر جنسی وارڈوں سمیت پورے ہسپتال کے عملہ کو عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائن کے مطابق حفاظتی ساز و سامان سے لیس کیا جائے ۔ایمرجنسیوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں نرسوں اور دیگر عملہ کے لئے خصوصی ماسک یونیفام اور گلوز فراہم کئے جائیں ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ہسپتالوں کی اکثریت تاحال اس پر عمل درآمد نہیں کرسکی ۔جس سے عملہ میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے ۔اس حوالے سے وائی ڈی اے پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سلیمان کاظمی کا کہنا ہے کہ کانگو وائرس کی آمد کے خطرات موجود ہیں مگر اس سے نمٹنے کے لئے اور ممکنہ طور پر مریضوں کی آمد اور ان کے علاج معالجہ کے لئے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ۔پہلے ہی اس وائرس سے ایک ہونہار ڈاکٹر کی موت واقع ہو چکی ہے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں فوری طور پر ہسپتالوں میں کام کرنے والے عملہ کو حفاظتی ساز و سامان دیا جائے ان کی ٹریننگ کی جائے ۔ مشیر صحت خواجہ سلیمان رفیق کا کہنا ہے کہ انتظامات مکمل کر نے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ہر ہسپتال ایس او پیز پر عمل کر رہا ہے جہاں کمیاں اور کوتاہیاں ہیں ان کو دورکیا جائے گا حکومت پوری طرح الرٹ ہے اور اپنے عوام کی حفاظت کرنا جانتی ہے کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1