جمہوری دور میں بڑے فیصلے سڑکوں پر نہیں پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں،پرویز ملک

جمہوری دور میں بڑے فیصلے سڑکوں پر نہیں پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں،پرویز ملک

لاہور(جنرل رپورٹر )مسلم لیگ(ن) لاہور کے رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ جمہوری دور میں بڑے اورسیاسی فیصلے سڑکوں پر نہیں پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں،الیکشن2018ء تک خود کوسیاسی طور پر زندہ رکھنے کیلئے فائنل میچ کھیلنے کے خواہشمند سڑکوں پر قومی اداروں کو پامال نہ کریں،منفی سیاست اور انتشار کی بجائے قوم کو اتحاد و اتفاق کا درس دیں،بعض سیاسی عناصراپنے احتجاج کے ذریعے غیروں کے ایجنڈے کو پروان چڑھا رہے ہیں وہ قوم یا ملک کی کوئی خدمت نہیں کررہے۔

بلکہ ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ کا باعث بن رہے ہیں عوام انہیں اچھی طرح پہچانتے ہیں۔گذشتہ روز لاہورپارٹی دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے تین برسوں میں وزیر اعظم میاں نواز شریف کی قیادت میں ہر شعبے میں بہت زیادہ بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئر مین ہوش کے ناخن لیں اگر اپنی سیاسی ساکھ بچانی ہے تو وہ اپنے سیاسی فیصلوں کو سڑکوں کی بجائے پارلیمنٹ اور جمہوری اداروں میں بیٹھ کر کریں کیونکہ پچھلے تین سالوں میں اب تک جو بھی انہوں نے سیاسی کھیل کھیلا ہے وہ ان کے اپنے ہی خلافگیا ہے ، انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ کی حکومت نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1