’’ننھی آئرلینڈ ‘‘ شاہینوں نے دبوچ لیا ، قومی ٹیم ریکارڈ 255رنز سے کامیاب

’’ننھی آئرلینڈ ‘‘ شاہینوں نے دبوچ لیا ، قومی ٹیم ریکارڈ 255رنز سے کامیاب

 ڈبلن(سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے شرجیل خان کی 152 رنز کی اننگز اور بولرز کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت آئرلینڈ کو پہلے ایک روزہ میچ میں 255 رنز سے شکست دے دی۔ آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2 ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ گزشتہ رات ہونے والی بارش کے باعث تاخیر کا شکار رہا جس کے بعد امپائرز نے میچ 47 اوورز تک محدود کردیا۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے جس کے جواب میں آئرش ٹیم پاکستان کی باؤلنگ کا سامنا نہ کرسکی اور 82 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ پال اسٹرلنگ اور ایڈ جوئس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم محمد عامر نے دوسری ہی گیند پر اسٹرلنگ کو بولڈ کرکے اپنے خطرناک عزائم کا اظہار کیا جب کہ دیگر آئرش کھلاڑی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے، جوئس 9، ولیم پوٹر فیلڈ 13، نیل اوبرائن 10، کیون اوبرائن 3 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ گیرے ولسن نے کچھ دیر مزاحمت دکھائی لیکن وہ بھی 21 رنز ہی بناسکے۔پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 5 اور عمر گل نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ محمد نواز اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل آئرش کپتان ولیم پوٹرفیلڈ نے ٹاس جیت کر پہلے اظہرعلی الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اوپننگ بلے باز شرجیل خان اور کپتان اظہرعلی نے اننگز کا آغاز کیا۔ شرجیل خان جارح انداز سے کھیلتے رہے لیکن کپتان اظہرعلی 17 کے مجموعی اسکور پر ایک رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ دوسری وکٹ کی شراکت پر محمد حفیظ اور شرجیل خان نے 90 رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 107 تک پہنچا تو محمد حفیظ 37 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جس کے بعد شرجیل خان نے بابراعظم کے ساتھ مل کر گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلے اور60 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ شرجیل خان اپنے کیرئر کی سب سے بڑی 152 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔محمد حفیظ 37 اور بابر اعظم 29 رنز بنانے میں کامیاب رہے جب کہ وکٹ کپیر بیٹسمین سرفراز احمد صرف 2 رنز ہی بناسکے تاہم شیعب ملک اور محمد نواز نے چھٹی وکٹ کے لیے 105 رنز کی شراکت داری قائم کی، نواز 53 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ ملک 57 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ آئرلینڈ کی جانب سے بیری میک کارتھی نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں انگلینڈ کے طویل ترین دورے پر ہے جب کہ انگلینڈ کے خلاف 24 اگست سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز سے قبل پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان 2 ایک روزہ میچز پر مشتمل مختصر سیریز رکھی گئی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...