احتجاجی عناصر ہوش کے ناخن لیں ،یہ وقت منفی سیاست نہیں اتحاد اور اتفاق کا ہے :شہباز شریف

احتجاجی عناصر ہوش کے ناخن لیں ،یہ وقت منفی سیاست نہیں اتحاد اور اتفاق کا ہے ...

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام ملک کی ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ تین برس کے دوران وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ہر شعبے میں بے پناہ بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی عناصر ذاتی مفادات کی خاطر ترقی کا سفر روکنے کے درپے ہیں۔ عوام ایسے عناصر کو پہلے بھی مسترد کر چکے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔ جمہوریت میں فیصلے سڑکوں پر نہیں، پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں۔ احتجاجی سیاست کرنے والے عناصر ہوش کے ناخن لیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ وقت منفی سیاست کا نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب (آئی ڈیپ) کے تنظیمی ڈھانچے اور مستقبل کے پروگراموں کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام صوبے میں تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اوران شعبوں میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی اعلیٰ معیار،شفاف اورتیزرفتاری سے تکمیل کیلئے اس ادارے کا کلیدی کردار ہوگا۔اتھارٹی مستقبل میں انفراسٹرکچرکے منصوبوں کیلئے رول ماڈل ثابت ہوگی۔بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کیلئے وسائل کے درست اور بروقت استعمال کویقینی بنانے کے حوالے سے بھی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل ماہرین کی اتھارٹی میں تقرری پر چیف ایگزیکٹو آفیسر مجاہد شیردل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی کیلئے بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل ماہرین کا تقرر خوش آئند ہے اورمیرٹ کی بنیاد پر ایسے ماہرین کی اتھارٹی میں شمولیت سے ادارہ دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے گااورصوبے کے عوام کوتعلیم،صحت اوردیگر شعبوں میں بنیادی ڈھانچے کی بروقت تکمیل سے براہ راست فائدہ پہنچے گا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب نے ادارے کے تنظیمی ڈھانچے اور مستقبل کے پروگراموں کے حوالے سے بریفنگ دی اورصوبہ بھر میں مستقبل میں محکمہ صحت کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔صوبائی وزراء تنویر اسلم ملک، عائشہ غوث پاشا، مشیر خواجہ سلمان رفیق، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ سیکرٹری صاحبان نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے بین الاقوامی شہرت کی حامل پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے نے ملاقات کی اورپنجاب میں خواتین کی فلاح وبہبود اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے پنجاب حکومت کے انقلابی اقدامات پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ شرمین عبید چنائے نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی ترقی اورانہیں بااختیار بنانے کیلئے پنجاب حکومت نے ٹھوس اقدامات کیے ہیں ۔ خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے حکومتی اقدامات قابل ستائش ہیں۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شرمین عبید چنائے نے شاندار دستاویزی فلمیں بنا کر دو بار آسکر ایوارڈ جیت کرملک و قوم کا نام روشن کیا ہے ۔پاکستانی فلم ساز کا دو بار آسکر ایوارڈ جیتنا وطن عزیز کیلئے اعزاز کی بات ہے ۔شرمین عبید چنائے نے اپنی فلموں کے ذریعے خواتین کے معاشرتی مسائل کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کو موضوع بنا کر فلم تخلیق کرناشرمین عبید چنائے کاایک شاندار کارنامہ ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی خواتین انتہائی باصلاحیت اورذہین ہیں جنہوں نے تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑی آبادی خواتین پر مشتمل ہے اورملک کی اس آبادی کو عملی میدان سے دور رکھ کرترقی کی منزل کا حصول ممکن نہیں ۔ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے خواتین کو عملی میدان میں بھی بھر پور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کیلئے خواتین کو بااختیار بنانے کیساتھ انہیں تحفظ بھی فراہم کرنا ہے ۔خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے پنجاب حکومت نے تاریخ ساز اقدامات کیے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ معاشرتی مسائل پر حکومت اورسول سوسائٹی کے درمیان ایک موثر شراکت کے ذریعے قابو پایا جاسکتا ہے ۔

مزید : صفحہ اول