وادی تیراہ میں فورسز کی زمینی اور فضائی کارروائیاں ،15دہشتگرد ہلاک ،متعدد زخمی

وادی تیراہ میں فورسز کی زمینی اور فضائی کارروائیاں ،15دہشتگرد ہلاک ،متعدد ...

خیبر ایجنسی ( اے این این ) خیبر ایجنسی کے دور افتادہ علاقے وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کی زمینی اور فضائی کارروائیوں میں 15 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ، سات ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ،پاک افواج نے وادی تیراہ میں اہم مورچے سنبھال لئے،48 گھنٹوں سے جاری آپریشن میں3 فوجی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ بارودی سرنگ کے تازہ دھماکے میں ایک سکیورٹی اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں کوکی خیل ایریا میں پاک آرمی نے زمینی اور فضائی کارروائی کی جس میں پاکستانی جیٹ طیاروں نے بابر کچکول ،نرے ناو،کنڈو،تور سپر اور خر والے کنڈو پر شدید بمباری کی جس میں 15شدت پسند ہلاک اور پا نچ شدید زخمی ہوگئے ،دن میں پانچ مرتبہ بمباری کے باعث 7اہم ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جو مکمل طو رپر تباہ ہو گئے۔ذرائع نے بتایا کہ وادی تیراہ میں پاک آرمی کی پیش قدمی جا ری ہے اور اہم کامیابیاں مل رہی ہیں ۔ پاک آرمی کے جوانوں نے وادی تیراہ میں اہم مورچے سنبھال لئے ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ پاک آرمی وادی تیراہ میں شدت پسندوں کے صفایا کے لئے مکمل طور پر لیس ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی کی دور افتادہ علاقہ وادی تیراہ کے علاقہ ٹاپ میں نامعلوم شدت پسندوں نے مائن سڑک کنارے نصب کیا تھا جونہی فورسز کی گاڑی اس کے قریب سے گزری تو ایک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس میں نائیک کمانڈو طاہر زخمی ہوا اور انہیں سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا۔ واضح رہے کہ وادی تیراہ میں 48گھنٹوں کے اندر اندر یہ تیسرا دھماکہ تھا اس سے پہلے دو دھماکوں میں پاک آرمی کے 3 جوان شہید جبکہ 10زخمی ہوئے تھے یہ وادی تیراہ میں شدت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر زمینی اور فضائی کاروائی کا رد عمل ہو سکتا ہے ۔

مزید : صفحہ اول


loading...