لیسکو کا عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے کھلی کچہریاں لگانے کا فیصلہ

لیسکو کا عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے کھلی کچہریاں لگانے کا فیصلہ

لاہور(لیاقت کھرل)لیسکو نے اوور بلنگ روکنے ،صارفین سے ناروا سلوک،بجلی چوری اورواپڈادفاتر پر حملوں کے واقعات کی روک تھام کیلئے کھلی کچہریاں لگانے کا فیصلہ کر لیا،لیسکو کے اعلیٰ افسران لاہور،شیخوپورہ،قصوراور ننکانہ میں آج کھلی کچہریاں لگائیں گے، جس میں اوور بلنگ اور کنکشنوں میں رکاوٹ ڈالنے والے اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلی کچہریاں وزیر اعظم پاکستان کے حکم پر لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔جن میں صارفین کی اوور بلنگ اور لیسکواہلکاروں کے بارے مبینہ کرپشن ،اختیارات سے تجاوز اور صارفین کے ساتھ ناروا سلوک کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام اور خاتمہ ترجیح ہو گا جبکہ احتساب کے عمل کے دوران کسی قسم کا سیاسی پریشر سامنے نہیں رکھا جائے گا تاکہ لیسکو کے اہلکاروں اور صارفین میں بہترروابط کو بڑھایا جائے گا ،جس سے لیسکو کے دفاتر پر بلاوجہ حملے ،توڑ پھوڑ اور لڑائی جھگڑے جیسے واقعات میں کمی آئے گی ۔اس حوالے سے لیسکو کے ترجمان ڈپٹی ڈائریکٹر عمران افضل خان نے "پاکستان" کو بتایا کہ نئے چیف ایگزیکٹو لیسکو چودھری محمد انور کے حکم پر کھلی کچہریاں لگانے کاحکم دیا گیا ہے۔جس میں لیسکوکے افسرا ن اور شیخوپورہ ،قصور،اور ننکانہ میں واقع لیسکوکے دفاتر میں ایس ای اور ایکسئین اپنے اپنے دفاتر میں کھلی کچہریاں لگائیں گے انہوں نے بتایا کہ کھلی کچہریوں سے اوور بلنگ کا خاتمہ ہو گا ۔صارفین کو بجلی کے کنکشنوں میں درپیش مسائل اور شکایات کاخاتمہ ہو گا جبکہ صارفین اور لیسکو کے افسران اور اہلکاروں کے درمیان بہتر روابط پیدا ہوں گے جس سے بجلی چوری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

کھلی کچہریاں

مزید : صفحہ آخر