لاہور کے میئر کا الیکشن رکوانے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور کے میئر کا الیکشن رکوانے کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے ۔یہ درخواست پاکستان تحریک انصاف کے وقاص احمد کی طرف سے دائر کی گئی ہے ۔جس کی سماعت آج 19اگست کو مسٹر جسٹس شجاعت علی خان کریں گے ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے میئر کے امیدوار خواجہ احمد حسان سرکاری عہدیدار ہیں،وہ پی آئی سی اور لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بھی عہدیدار ہیں۔قانون کے تحت کوئی سرکاری عہدیدار اپنا عہدہ چھوڑنے کے بعد 2سال تک الیکشن نہیں لڑ سکتا ۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خواجہ احمد حسان اپنے حق میں حکومتی اثر و رسوخ استعمال کریں گے ۔ درخواست میں انتخابات روکوانے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ خواجہ احمد حسان کے کاغذات نامزدگی منسوخ کیئے جائیں اور انہیں میئر کے الیکشن کے لئے نا اہل قرار دیا جائے ۔