سانحہ کوئٹہ ، شہید وکلاء کے لواحقین اور زخمیوں کی مالی امدادکیلئے اکاؤنٹ کھول دیا گیا
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہورہائیکورٹ بار نے سانحہ کوئٹہ کے شہید وکلاء کے لواحقین اور زخمی وکلاء کی مالی امداد کے لئے مسلم کمرشل بینک لاہور ہائیکورٹ، برانچ میں ویلفیئر فنڈ اکاؤنٹ کھول دیا ہے۔ وکلاء سے ویلفیئر فنڈ لاہور ہائیکورٹ بار اکاؤنٹ نمبر 1001032 میں دل کھول کر رقوم جمع کروانے کی اپیل کی گئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بارکے سٹاف 2دن کی تنخواہ بھی سانحہ کوئٹہ کے شہید وکلاء کے فنڈ میں جمع کرئے گا۔اس ضمن میں سانحہ کوئٹہ کے شہید وکلاء کے لواحقین اور زخمی وکلاء کی مالی امداد کے لئے فنڈ ریزنگ کے سلسلہ میں لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل ہاؤس کا اجلاس سردار طاہر شہباز خان قائم مقام صدر لاہور ہائیکورٹ بارکی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں محمد انس غازی سیکرٹری ،سید اسد بخاری فنانس سیکرٹری کے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس سے محمد انس غازی سیکرٹری اور محمد احسن بھون سابق صدر لاہور ہائیکورٹ باروممبر پاکستان بار کونسل نے اپنے کوئٹہ کے سفر کے تاثرات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ شہر حالت سوگ میں ڈوبا تھا۔ صوبہ بلوچستان نامی گرامی وکلاء سے محروم ہوگیا۔ بلوچستان بار بالکل یتیم لگ رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کو فوری طور پر طبی سہولت مہیا نہ ہوئیں جسکی وجہ سے شہادتیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوئٹہ کے شہید اور زخمی وکلاء کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ اس موقع پر احمد اویس سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار رانا اسد اللہ خاں سابق سیکرٹری اور صاحبزادہ اشرف عاصمی ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ سردار طاہر شہباز خان قائم مقام صدر لاہور ہائیکورٹ بار نے کہا کہ ہم اپنے کوئٹہ کے شہید وکلاء کے اہل خانہ کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ بلوچستان بارکے 70وکلاء شہید ہوئے ان میں سے کافی وکلاء غربت کی زندگی بسر کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کے شہید وکلاء کے لواحقین اور زخمی وکلاء کی مالی امداد کیلئے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے مسلم کمرشل بینک لاہور ہائیکورٹ، برانچ میں ویلفیئر فنڈ اکاؤنٹ کھول دیا ہے۔ معزز وکلاء صاحبان ویلفیئر فنڈ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اکاؤنٹ نمبر 1001032 میں دل کھول کر رقوم جمع کروائیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا سٹاف 2دن کی تنخواہ بھی سانحہ کوئٹہ کے شہید وکلاء کے فنڈ میں جمع کرئے گا۔ فنڈ ریزنگ اور رقوم کی ترسیل کیلئے سابق صدور لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور رانا اسد اللہ خاں سابق سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو وکلاء صاحبان اور دیگر مخیر حضرات سے رابطہ کر کے فنڈز اکٹھا کرے گی۔ سردار طاہر شہباز خان قائم مقام صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے ڈسکہ فنڈ اکاؤنٹ میں سے مبلغ45,000/۔روپے کوئٹہ ریلیف فنڈز میں ٹرانسفر کرنے کیلئے ہاؤس سے اجازت طلب کی جس کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی ۔ سردار طاہر شہباز خان قائم مقام صدر لاہور ہائیکورٹ بار نے سانحہ کوئٹہ کے شہداء کیلئے دعائے مغفرت ، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لواحقین کو صبر جمیل کے لئے دعابھی کرائی۔
اکاؤنٹ کھول دیا