پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور بورڈ آف ریونیو کے اشتراک سے ای سٹیمپ منصوبے کا بھرپور آغاز

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور بورڈ آف ریونیو کے اشتراک سے ای سٹیمپ ...

لاہور(عامر بٹ سے)پنجاب انفارمشن ٹیکنالوجی بورڈ اور بورڈ آف ریونیو کے اشتراک سے ای سٹیمپ منصوبے کا بھرپور طریقے سے آغاز کر دیا گیا ،گوجرانوالہ ،فیصل آباد کے بعد 24اگست کو صوبائی دارلحکومت کی حدود میں آن لائن سسٹم کے تحت اشٹام پیپرز کا اجراء کر دیا جائے گا ،پراجیکٹ ڈائریکٹر ممبر ٹیکسز پنجاب نے گرین سگنل دے دیا ،کمپیوٹرائزڈ سسٹم اور جدید ٹیکنالوجی کے تحت تیار کئے جانے والے سوفٹ ویئر نے ناصرف پرانی پریکٹس کا مکمل خاتمہ کر دیا بلکہ بڑے پیمانے پر تبدیلی کے ساتھ ساتھ تیز ترین سروسز مہیاکرتے ہوئے بیورو کریسی سمیت عوام الناس کو بھی چونکا کر رکھ دیا ،روزنامہ پاکستان کو ملنے والی معلومات کے مطابق پنجاب انفارمیشن بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف ،ڈی جی ساجد لطیف اور ای سٹیمپ پراجیکٹ کے پی ڈی پنجاب اسد اسلم مانی کی خصوصی کاوش رنگ لے آئی ،پنجاب بھر میں ای سٹیمپنگ پراجیکٹ کی دھوم مچ گئی ،گوجرانوالہ پائلیٹ پراجیکٹ کی کامیابی اور فیصل آباد کے بہترین نتائج سامنے آنے کے بعد زندہ دلان شہر لاہور میں بھی آن لائن سسٹم کے ذریعے ای سٹیپنگ منصوبے کے تحت 22اگست کے بعد عوام الناس کو اشٹام پیپرز مہیا کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا اور اس ضمن میں پنجاب بنک کے عملہ کے ساتھ خصوصی ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے مزید معلوم ہو اہے کہ پی آئی ٹی بی کی انتظامیہ کے تیار کردہ سوفٹ ویئر کی بدولت اب صوبے بھر میں انڈر ویلیو رجسٹری کی پاسنگ ناممکن ہو کر رہ جائے گی ۔سوفٹ ویئر ڈی سی ریٹ کے مطابق رجسٹری فیس کا تخمینہ بتائے گا ،قبل ازیں پٹواریوں کی فروخت پر زرعی سکنی اور کا نوٹ دے کر بڑے پیمانے پر انڈر ویلیو رجسٹریاں پاس کی جارہی تھیں ۔مزید معلوم ہوا ہے کہ ای سٹیمپنگ کے تحت شہریوں کو اب مصدقہ کاپی کی ضرورت بھی ختم ہو جائے گی ۔اس ضمن میں رجسٹری کے پیچھے 10ہندسوں کا کوڈ نمایاں کیا گیا ہے جو کہ 8100پر میسج کرنے پر اشٹام پیپرز کے اجراء سے لے کر خریدار اور فروخت کنندہ جائیداد کے بابت تمام تر تفصیلات میسج کے ذریعے آپ کو فوری آگاہ کر دے گا اس کے علاوہ اشٹام سیلرز کے اجراء کے فوری بعد ایس ایم ایس سروسز کے تحت میسج کے ذریعے شہریوں کو اطلاع بھی دی جارہی ہے اس ضمن میں چیئرمین پی آئی ٹی بی ڈائریکٹر عمر سیف چیمہ کا کہنا تھا کہ دیگر ترقی یافتہ ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ایک مضبوط اور جامع سسٹم وضح کر دیا گیا ہے جس سے جعلی اشٹام پیپرز کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا جبکہ حکومت کے خزانے میں اربوں روپے کا اضافہ بھی ہو جائے گا عوام الناس کو فوری اور ہنگامی بنیادوں پر سروسز مہیا کرنا ،جہاں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا ویژن ہے وہاں ہماری کوشش ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس منصوبے اور کوشش کو کامیابی سے ہمکنار کریں ،ڈائریکٹر جنرل پی آئی ٹی بی ساجد لطیف کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ ،فیصل آباد میں اس منصوبے کی کامیابی کے بعدضلع لاہور میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑیں گے ۔عوام الناس کو فوری اور بہترین سہولتیں مہیاکرنا ہماری ٹیم کا منشور ہے جس کے لئے دن رات کام کرنے میں مصروف ہے اس منصوبے کے تحت اب جو کام دنوں اور مہینوں میں ہوتے تھے اب منٹوں میں ہوں گے ،ای سٹیمپنگ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور بورڈ آف ریونیو کے ممبر ٹیکسز پنجاب اسد اسلم مانی نے آگاہی دی کہ اس منصوبے سے پنجاب بھر میں جہاں جعلسازوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا وہاں عوام الناس کو ایک صاف شفاف اور بہترین سہولت مہیا کی جائے گی جس کے تحت جعلسازی ،فراڈ دھوکہ دہی کا نام و نشان بھی نظر نہ آئے گا اور سو سال بعد بھی جدید طریقہ سے رائج کردہ اس سسٹم کے تحت ملکیت کی سو فیصد تصدیق ہوتی رہے گی ۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت اربوں روپے کی ریکوری کو یقینی بنائیں گے اور اس ضمن میں دن رات کی بنیادوں پر کام کررہے ہیں ،ایک سال کے اندر پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں آن لائن سسٹم کے تحت اشٹام پیپرز کا اجراء کر دیا جائے گا۔

مزید : صفحہ آخر


loading...