حکومت صوبہ بھر میں معیاری تعلیم کیلئے کوشاں ہے،رانا مشہود

حکومت صوبہ بھر میں معیاری تعلیم کیلئے کوشاں ہے،رانا مشہود

مظفرگڑھ(سپیشل رپورٹر،سٹی رپورٹر)صوبہ پنجا ب میں اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، امسال سکینڈری سکولوں کے نتائج میں سرکاری سکولوں نے پرائیویٹ سکولوں سے اچھے نتائج دئیے ہیں ، سرکاری سکولوں کے طلباء و طالبات نے تعلیمی بورڑز میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہیں، یہ بات صوبائی وزیر برائے تعلیم (بقیہ نمبر43صفحہ12پر )

رانا مشہود نے ڈی سی او آفس میں ضلعی انتظامی افسران اور محکمہ تعلیم کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ، ڈی سی او شوکت علی اور ایم پی ایز حماد نواز ٹیپو، احمد کریم قسور کریم لنگڑیال،احمد یارہنجرا، میاں ذیشان احمد گرمانی، غلام مرتضیٰ رحیم کھر او ر خان محمد جتوئی بھی ان کے ہمرا ہ تھے، ، صوبائی وزیر نے مقامی ایم پی ایز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں موجود سکولوں کا باقاعدگی سے معائنہ کریں ۔برٹش کونسل کے تعاون سے پہلے مرحلے میں صوبہ کے 2ہزار سکولوں کو انٹر نیٹ کے ذریعے بین الاقوامی شہرت یافتہ سکولوں سے منسلک کیا جائے گا، جس میں مظفرگڑھ کے سکول شامل ہیں ، تاکہ تعلیمی مواد کا تبادلہ کیا جاسکے، صوبائی وزیر نے کہا کہ جو سرکاری سکول پالیسی کے خلاف پیف کو دئیے گئے ہیں ان کو واپس لیا جائے گا۔قبل ازیں ڈی سی او نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں 2093سکول ہیں جہاں تمام بنیادی سہولیات دستیاب ہیں، 733اضافی کمروں کی تعمیر کی تجویز دی گئی ہے، جن پر جلد کام شروع کردیا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ امسال 81ہزار534بچوں کو نئی کلاسوں میں داخل کیا گیا ہے، 684ایجوکیٹرز کو بھرتی کیا گیا ہے جن کی تربیت کا عمل جاری ہے، صوبائی وزیر نے ایمن اردگان دانش کیئر گرلز سکول بصیرہ ، ترکی کالونی کے سکولوں کا بھی معائنہ کیا اور ان کے تعلیمی معیار کو سراہا، اس موقع پرایم پی اے حماد نواز ٹیپو اور ای ڈی او تعلیم شمشیر احمدخان ان کے ہمراہ تھیدریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب صوبہ بھر میں معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، اور اس بات پر یقین رکھتی ہے ، کہ تبدیلی تعلیم سے آئے گی۔یہ بات صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے مظفرگڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے کہا ہے کہ ن لیگ شفافیت اور میرٹ پر یقین رکھتی ہے ، جس پر الزمات ثابت ہوئے ان سے استعفیٰ لیا گیا،مجھ پر لگائے گئے تمام الزامات غلط ثابت ہوچکے ہیں، غلط ویڈیو چلانے والے چینل پر50کروڑ روپے ،ڈی جی نیب پر 25کروڑ روپے کا ہتک عزت کا دعویٰ کیا ، جبکہ چیئر مین نیب کو 3شو کاز نوٹس جاری کئے جا چکے ہیں۔ یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ میں میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہی۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں بچوں کی گمشدگی کے 7ہزار واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 613بچے اپنے گھروں سے لڑ کر نکلے تھے، 70گم ہوئے ، صرف 31اغوا کی رپورٹ ہوئی ، جو اب سب اپنے اپنے گھروں کو پہنچ چکے ہیں، صرف 3بچوں کا مسئلہ ہے ۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے کہا ہے کہ ضلعی چیئر مین کا امیدوار مقامی تنظیمی عہدیداروں اور عوامی نمائندگان کی مشاورت سے نامزد کیا جائے گا، تمام معاملات افہام و تفہیم سے طے کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ مقامی عہدیداروں کو لاہور طلب کیا گیا ہے ، جن سے مشورے کے بعد نام فائنل کیا جائے گا، یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ میں ن لیگ کے ورکروں سے ملاقات کے دوران کہی،اس موقع پر ضلعی صدر ارشد جاوید گدارہ ، حماد نواز ٹیپو، تنویر شہزاد ببلو، مرزا مسرور بیگ، ڈاکٹر فرمان قادر، مرزا شمشاد، عبدالمجیب خان، طاہر نذیر گرمانی، وسیم شاکر ،راؤ سعید، نور عالم گجر، ظفر خان علی زئی سمیت مسلم لیگ ن کے کارکن کی کثیر تعداد موجود تھی۔

مزید : ملتان صفحہ آخر


loading...