اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کی پیشکش کر ددی

اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کی پیشکش کر ددی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد(اے این این ) اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق نے مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر میں اپنے فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کی پیشکش کردی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ 15 جولائی کو پاکستان نے اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا تھا کہ وہ 8 جولائی سے جموں و کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے اپنے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو وہاں بھیجے۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے مذکورہ مطالبے پر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے جموں و کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے 'فیکٹ فائنڈنگ مشن کو کشمیر بھیجنے کی پیشکش کی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جب سے مذکورہ درخواست دی گئی ہے وادی کے حالات مزید خراب ہوگئے ہیں۔ بیان کے مطابق جیسا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اس بات سے واقف ہیں کہ آزاد کشمیر کا علاقہ کسی کیلئے بھی نو گو ایریا نہیں، جبکہ غیر ملکی سیاح اور پاکستان میں موجود دیگر ممالک کا سفارتی عملہ، جس میں اقوام متحدہ کے عملہ بھی شامل ہے، آزاد کشمیر میں آزادی سے سفر کر سکتا ہے۔ بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ اقوام متحدہ کے مبصرین نے حال ہی میں آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات کا جائزہ لیا اور علاقے کے عوام سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ دوسری جانب بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی رسائی کو محدود کر رکھا ہے، جبکہ پاکستان نے کبھی بھی اقوام متحدہ کے حکام کو آزاد کشمیر میں سفر کرنے سے نہیں روکا۔ دفتر خارجہ نے ایک مرتبہ پھر دہرایا کہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا آزاد کشمیر کے حالات سے موازنہ قابل قبول نہیں اور اگر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر کی ٹیم آزاد کشمیر کا دورہ کرنا چاہے تو اس کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
اقوام متحدہ