اپوزیشن متحد ہو تو حکومت ایک پل بھی نہیں ٹھہر سکتی ، شجاعت

اپوزیشن متحد ہو تو حکومت ایک پل بھی نہیں ٹھہر سکتی ، شجاعت

سرگودھا( اے این این) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نواز حکومت کا وجود صرف اپوزیشن جماعتوں کی ’’نااتفاقی ‘‘کی وجہ سے ہے، حزب اختلاف متحد ہو جائے تو موجودہ نظام ایک پل نہیں ٹھہر سکتا،،حکومت میں فارورڈ بلاک کسی بھی وقت سامنے آ سکتا ہے، 2018ء سے پہلے کچھ بھی ہو سکتا ہے، بلاول بھٹو زرداری عمر سے بڑی باتیں کرتے ہیں دیکھتے ہیں وہ کنٹینر پر کیسے چڑھتے ہیں، ہم سے تو اس عمر میں کنٹینر پر چڑھا نہیں جاتا۔ وہ سرگودھا میں سابق وفاقی وزیر چودھری انور علی چیمہ مرحوم کی رہائش گاہ پر ان کے صاحبزادے عامر سلطان چیمہ ایم پی اے اور دیگر اہل خانہ سے اظہارتعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے مرحوم کی قومی، سیاسی اور عوامی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے باہمی اختلافات کے باعث حکومت اب تک چل رہی ہے، اپوزیشن متحد ہو جائے تو حکومت ایک پل بھی نہیں ٹھہر سکتی، اگر اپوزیشن متحد نہ ہوئی تو اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریکوں کا کوئی مستقبل نہیں، حکومت گرانے کیلئے متحد ہو کر تحریک چلانا ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق الیکشن 2018ء میں ہونے ہیں تو اسی آئین کے مطابق حکومت پہلے بھی جا سکتی ہے، ن لیگ کے اندر اختلافات موجود ہیں اور فارورڈ بلاک کسی بھی وقت سامنے آ سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اپنی عمر سے بڑھ کر باتیں کر رہے ہیں، دیکھتے ہیں وہ کنٹینر پر کیسے چڑھتے ہیں ہم سے تو اس عمر میں کنٹینر پر چڑھا نہیں جاتا۔

شجاعت

مزید : کراچی صفحہ اول