افغان طالبان آئین کو تسلیم کر کے امن عمل مین شریک ہوں ، امریکہ کی درخواست
واشنگٹن (اے این این)امریکا نے افغان طالبان سے درخواست کی ہے کہ وہ آئین کو تسلیم کرتے ہوئے افغان امن عمل میں شرکت کریں، طالبان ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو جائیں ،افغانستان میں داعش سے کئی گروہ منسلک ہو رہے ہیں ۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران معاون ترجمان محکمہ خارجہ مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ طالبان ہتھیار رکھ کر افغان آئین کو تسلیم کریں اور افغان امن عمل میں شرکت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ طالبان قیادت اس بات کو سمجھے کہ افغان مسئلے کا حل طویل جنگ نہیں ہے ۔ افغانستان میں استحکام اور قیام امن کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے اور افغان آرمی کی سپورٹ جاری رکھیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے دہشت گرد تنظیموں کی فنڈز تک رسائی روکنے کیلئے اہم اقدامات کیے ۔ تاہم دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنا اب بھی بڑا چیلنج ہے ۔ترجمان محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ روس کا ایرانی سرزمین استعمال کرنے سے پیدا ہونے والی صورتحال کاجائزہ لے رہے ہیں جبکہ شام میں جارحیت روکنے کی کوشش روسی اقدامات سے مشکل ہو رہی ہے ۔