وسائل صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے بروئے کارلائے جائیں گے ، سکندر شیر پاؤ

وسائل صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے بروئے کارلائے جائیں گے ، سکندر شیر پاؤ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

شاور( پاکستان نیوز)قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین وسینئر صوبائی وزیرسکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ وہ صوبہ اور عوام کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کوفرض اولین سمجھتے ہیں اور اس کاز کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاورمیں قومی وطن پارٹی ضلع بونیر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر ،صوبائی سیکرٹری انفارمیشن طارق احمد خان،سیکرٹری پولیٹیکل ٹریننگ اسد آفریدی ،کلچر ونگ کے انچارج ڈاکٹر عالم ،سلطان خان ایم پی اے ،محمدنثارایڈوکیٹ، ملاکنڈ زون کے چیئرمین فضل رحمان نونو،ضلع بونیر کے چیئرمین پروفیسر حمید الرحمان اور دیگر ضلعی حلقوں کے عہدیدار بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ا س موقع پر پارٹی کے تنظیمی امور کے علاوہ رابطہ عوام کو بڑھانے سمیت دیگر مسائل زیر بحث آئے۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ ان کی سیاست کا محور پختون قوم کی ترقی اور خیبر پختونخوا کی حفاظت ہے اور اس مقصد کو یقینی بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔انھوں نے کہا کہ پارٹی کو گراس روٹ لیول سے مزید منظم اور فعال بنانے کیلئے پارٹی عہدیدار اور کارکن عوام کے ساتھ اپنے رابطے مزید مضبوط کریں تاکہ موثر انداز میں عوام کی ترجمانی کی جا سکے۔انھوں نے کہا کہ کارکن پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہو تا ہے اور ان ہی کی کاوشوں اور جدوجہد کی بدولت کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ صوبے کے وسائل صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے بروئے کار لائے جائیں گے اور اس ضمن میں کسی ضلع سے امتیازی سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ ہم کسی صورت صوبہ کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ہر فورم پر ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے آواز اٹھائیں گے ۔اجلاس میں پارٹی کی تمام سطحوں پر تنظیم سازی جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔