دکھی انسانیت کی خدمت کرنا انسانیت کی اعلیٰ اقدار ہے،وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور (جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا انسانیت کی اعلیٰ اقدار ہے۔ معاشرے کے ہرفرد کا اخلاقی فرض ہے کہ وہ اپنی حیثیت کے اعتبار سے دکھی انسانیت کی مدد کرے۔ انسانیت کا تقاضا ہے کہ کسی لالچ اور مفاد کے بغیر بنی نوع انسان کی بھلائی کا فریضہ سرانجام دیا جائے۔ میرا ایمان ہے کہ انسانیت کی خدمت ایک عبادت ہے اوریہ عظیم فریضہ سرانجام دینے والے دین اور دنیا دونوں کماتے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے انسان دوستی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ انسان دوستی کا دن منانے کا مقصد خلق خدا کی بھلائی کی سرگرمیوں کے بارے میں شعور کو عام کرنا ہے اور یہ دن ان لوگوں کی یاد میں منایا جاتا ہے جو کار خیر کی سرگرمیاں سر انجام دیتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں اور بلا تفریق رنگ و نسل دکھی اور لاچار انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ان تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ہمہ وقت انسانی بھلائی کے عمل میں مصروف ہیں۔ عوامی بھلائی کے کاموں میں مصروف ایدھی، اخوت اور دیگر فلاحی تنظیمیں مبارکباد کی مستحق ہیں اور مسائل میں گھرے افراد کی مشکلات دور کرنے میں ان فلاحی تنظیموں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس امر کا اعادہ کرنا ہے کہ انسانیت کی فلاح کیلئے کام کرنے والے افراد کا بھرپور ساتھ دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب