مخلوص صوبائی حکومت عوام کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کمر بستہ ہے :عنایت اللہ

مخلوص صوبائی حکومت عوام کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کمر بستہ ہے :عنایت اللہ

پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ نے کہا ہے کہ مخلوط صوبائی حکومت عوامی خدمات پرعمل پیرا ہے اور اسی جذبے کے تحت ضلع دیر بالا میں صحت، تعلیم،سیاحت،آبنوشی، بجلی اور سڑکوں کی تعمیر پر کروڑوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں تاکہ ضلع دیر بالا کی پسماندگی میں کمی لائی جا سکے۔یہ بات انہوں نے ضلع دیر بالا میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ضلع ناظم صاحبزادہ فصیح اﷲ، تحصیل ناظم دیر بالا میر محزن الدین اور معززین علاقہ بھی موجود تھے۔سینئر صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ دیر بالا میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور علاقے میں سیر و سیاحت کو فروغ ملے گا جس سے روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور غربت کو کم کرنے میں مدد ملے گی ۔عنایت اﷲ نے کہا کہ پاکستان وسائل کی کمی نہیں، جن میں تیل، گیس ،سمندر،دریا ،جنگلات وغیرہ جیسے وسائل موجود ہیں لیکن مخلص اور دیانتدار حکمرانوں کا فقدان ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ اور خدمت خلق ہے جس میں کوئی سستی نہیں ہو گی۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں عوامی مفادات عزیز ہیں جس کیلئے موجودہ صوبائی حکومت نے صحت، تعلیم، بلدیات و دیگر محکموں میں اصلاحات کا عمل جاری رکھا ہوا ہے جس سے ان سرکاری شعبوں میں مزید مضبوطی آئے گی اور عوام کے مسائل میں خاطر خواہ کمی بھی واقع ہو گی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر