ضلع کونسل مردان اجلاس ،ایس ای کی عدم شرکت پر ارکان سراپا احتجاج

ضلع کونسل مردان اجلاس ،ایس ای کی عدم شرکت پر ارکان سراپا احتجاج

مردان (بیورورپورٹ)ضلع کونسل کے اجلاس میں اراکین ایس ای واپڈا کی عد م شرکت کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے اور اجلاس ملتوی کرکے سڑکوں پر نکل آکر دھرنا دیا۔ٹائر جلا کر روڈ بلاک کیا۔وفاقی حکومت اور واپڈا کے خلاف نعرہ بازی کی ۔اعلیٰ حکام کی مداخلت کے بعد ایس ای واپڈا گھٹنے ٹیکھتے ہوئے اجلاس میں شریک ہوئے۔تفصیلات کے مطابق کونسل کا تین روزہ اجلاس کے آخری روز وعدے کے باوجود ایس ای واپڈا اجلاس میں شریک نہ ہوئے جس پر اراکین مشتعل ہو ئے اور انکے خلاف نعرہ بازی کی۔کنونےئر اور قائمقام ضلع ناظم اسد علی نے ارکان کے مطالبے پراجلاس ملتوی کردیا اور تمام ارکان واپڈا کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے ہال سے باہر نکل آئے اور شیخ ملتون کے سامنے مردان نوشہرہ روڈ کوٹائر جلا کر اور رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا اور سڑک پر چار گھنٹے تک دھرنا دے کر اجلاس کیا جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اس دوران پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے فون کے ذریعے رابطہ کر کے ان سے احتجاج ختم کرنے اور روڈ کھولنے کی درخواست کرتے رہے لیکن کونسل کے اراکین ضد پر اڑے رہے اور ان کا موقف تھا کہ جب تک وعدے کے مطابق ایس ای واپڈا کونسل کے سامنے حاضر نہیں ہوتے وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔فون پر بات نہ بنی تو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر افسر شاہ،اسسٹنٹ کمشنر خان محمد،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر قیصر خان اور دیگر حکام موقع پر پہنچے ۔ایڈیشنل کمشنر سے مذکرات ناکام ہوئے تو ایس پی آپریشن شفیع اللہ خان گنڈاپور، ڈی ایس پی ٹاؤن حیدر خان اور ڈی ایس پی سٹی شاہ ممتاز کے ہمراہ وہاں پہنچے اور قائمقام ضلعی ناظم اسدعلی،اپوزیشن لیڈر ملک شوکت اور کونسلروں سے مذاکرات کئے طویل مذاکرات کے بعد ایس پی آپریشن نے مظاہرین کو احتجاج ختم کرنے اور روڈ کھولنیکا پر آمادہ کرنے میں کامیاب ہوئے جس کے بعد کونسل کا اجلاس دوبارہ قائمقام کنونےئر طارق عزیز کی صدارت میں شروع ہوا تو اراکین نے ایک بار پھر دل کی بھڑاس نکالتے ہوئے ایس ای کے خلاف تقریریں کیں تاہم ایس پی آپریشن جو اجلاس میں موجود تھے نے کونسل کو یقین دہائی کرائی کہ ایس ای واپڈا اسی وقت کونسل کے اجلاس میں آئیں گے تاہم اراکین ان کے ساتھ عزت اور احترام کے ساتھ پیش آئیں گے اور کوئی ایسی حرکت نہیں کریں گے جس سے پختون روایات کو ٹھیس پہنچے۔قائمقام ضلع ناظم اسد علی ،ملک شوکت،طارق عزیز،انجنےئر عادل نواز ،میاں عبدالرحمان،شاہد باچا،نعیم انور،ممتاز بھادر،مفتی فضل مالک،اورنگزیب،حبیب رسول،واجد ہوتی اور دیگر ارکان نے ایس پی کو یقین دلایا کہ وہ کونسل میں آنے پر ایس ای کا احترام کریں گے جس کے تھوڑی دیر بعد ایس ای عبد اللہ شاہ اجلاس میں پہنچے جہاں وہ اجلاس کے اختتام تک موجود رہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر