محسن لغاری کاپارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت سے روکنے پر سیکیورٹی اہلکار پر شدید برہمی کا اظہار
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی سردار محسن خان لغاری نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت سے روکنے پر سیکیورٹی اہلکار پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے کھری کھری سنا دیں تاہم تعارف کرانے پر اُنہیں اندر جانے کی اجازت دیدی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لئے حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے تحریک انصاف پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس نجی ہوٹل میں منعقد ہوا ۔ ڈیرہ غازی خان سے منتخب رکن اسمبلی سردار محسن لغاری اجلاس میں شرکت کے لئے پہنچے تو اجلاس کیلئے مختص ہال کے دروازے پر تعینات سیکیورٹی اہلکار نے فہرست میں نام نہ ہونے کی وجہ سے انہیں اندر جانے سے روک دیا ۔ محسن لغاری نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تعارف کرایا کہ میں رکن اسمبلی ہوں اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے آیا ہوں ، اگر عزت نہیں دی جا سکتی تو اجلاس میں نہ بلایا کریں ، تعارف کرانے پر انہیں اندر جانے کی اجازت دیدی گئی جس پر انہوں نے کہا کہ میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی اس پر احتجاج کروں گا۔