اچانک موٹروے بند، کار ڈرائیوروں نے سر اُٹھا کر آسمان کی طرف دیکھا تو ہوش اُڑگئے کیونکہ عین سر کے اوپر۔۔۔
ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روس میں ایک مصروف موٹروے کو اچانک بند کر دیا گیا اور اس پر موجود ٹریفک روک دی گئی۔ چند لمحوں بعد سڑک پر کھڑی گاڑیوں کے اوپر گھن گرج شروع ہو گئی کہ ڈرائیوروں کے ہوش اڑ گئے۔ میل آن لائن کے مطابق دراصل روسی فوج نے یہ شاہراہ بند کروائی تھی جو اسے ہنگامی رن وے کے طور پر استعمال کرنے کی مشق کرنا چاہتی تھی۔ ٹریفک روکے جانے کے کچھ دیر بعد ہی آسمان جنگی طیاروں اور لڑاکا ہیلی کاپٹروں کی گھن گرچ سے گونج اٹھا جس سے نیچے موجود مسافر حقیقت معلوم ہونے تک انتہائی خوفزدہ ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق ان مشقوں میں روسی فوج نے ایس یو 30ایس ایم، ایس یو 35ایس، ایم آئی جی 31 طیارے اور ایم آئی 26ہیلی کاپٹر اتارنے کا مظاہرہ کیا۔ یہ مشقیں روس کے انتہائی مشرقی علاقے میں چین کے بارڈر کے قریب واقع شاہراہ پر کی گئیں، جن کا مقصد جنگ کی صورت میں پائلٹوں کو کسی بھی شاہراہ پر ٹریفک کی موجودگی میں ہنگامی طور پر لینڈنگ اور ٹیک آف کرنے کی تربیت دینا تھا۔ واضح رہے کہ ان دنوں روسی فوج بڑے پیمانے پر جنگی مشقیں کر رہی ہے جن میں آرمی، ایئرفورس اور نیوی حصہ لے رہی ہیں۔