وزیراعظم کلین اینڈ گرین پروگرام،اسلام آباد انتظامیہ کا10لاکھ درخت لگانے کا ہدف
اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت شاہراہ کشمیر پر شجرکاری کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور اسلام آباد اسکاؤٹس کے رضاکاروں نے شرکت کی وزیر داخلہ کو کلین گرین اسلام آباد پہل کے تحت اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔ اسلام آباد انتظامیہ نے مون سون میں 10 لاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ افتتاحی تقریب کے دوران 10 ہزار پودے لگائے گئے ہیں۔وفاقی وزیر خسروبختیار نے کہا ہے کہ شجر کاری وقت کی اہم ضرورت ہے،ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ اور صحت مند ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان، سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن اور وزارت کے دیگر اعلی افسران نے شجرکاری مہم میں شرکت کی۔ وفاقی وزیر خسرو بختیارنے کہاکہ حکومت کے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام سے ماحولیات پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ایسے ماحول دوست درختوں کا انتخاب کرنا ہے جو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوں۔وزیراعظم کی بلین ٹری مون سون شجرکاری مہم کے تحت کمشنر راولپنڈی، ڈی سی اور اراکین اسمبلی نے پودے لگائے۔ اتوار کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جی ٹی روڈ مندرہ میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ممبران صوبائی اسمبلی چوہدری عدنان، حاجی امجد، کمشنر راولپنڈی ثاقب ظفر، ڈی سی راولپنڈی محمد علی رندھاوا، تقریب میں شریک ہوئے۔تقریب میں ڈائریکٹر این ایچ اے طلعت گوندل، چیئرمین پی ایچ اے آصف محمود اور محکمہ جنگلات کے افسران کی بھی موجود تھے۔ مہم کے دوران کمشنر راولپنڈی، ڈی سی اور اراکین اسمبلی نے پودے لگائے۔آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں پلانٹ فار پاکستان ڈے کے حوالے سے پودا لگایااس موقع پر تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ایس پیز اور سکول کے بچے موجود تھے۔
گرین پروگرام