وزیراعلیٰ کی سوات کے کالجز میں سیکنڈ شفٹ شروع کرنے کی ہدایت

  وزیراعلیٰ کی سوات کے کالجز میں سیکنڈ شفٹ شروع کرنے کی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سوات کے کالجز میں زیادہ سے زیادہ طلباء و طالبات کو داخلہ دینے کے لئے سیکنڈ شفٹ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ جن جن کالجوں میں گنجائش موجود ہو،وہاں پر سیکنڈ شفٹ کا اجراء ممکن بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کالجز کی جو عمارتیں تیار ہیں ان میں کلاسز شرو ع کی جائیں اور جو عمارتیں زیر تعمیر ہیں ان پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔ انہوں نے عندیہ دیا ہے کہ ضلع سوات میں اسلامیہ کالج سوات شروع کرنے کے لئے ہوم ورک کیا جائیگاجس کی تکمیل کے بعد اسلامیہ کالج پشاور سے الحاق ممکن بنایا جائیگا۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں صوبے کے مختلف کالجز میں سیکنڈ شفٹ کے آغاز کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ضیاء اللہ بنگش، سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن اور دوسرے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کو ضلع سوات کے مختلف کالجز میں سیکنڈ شفٹ شروع کرنے اور سیٹوں کی گنجائش بڑھانے کے حوالے سے اب تک کیے جانے والے اقدامات اور آئندہ کے لئے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج سوات میں موجودہ کل 1250سیٹوں کے لئے 9000درخواستیں موصول ہوچکی ہے جبکہ محکمہ نے موجودہ سیٹوں میں 25فیصد اضافہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلباء کو داخلہ دیا جاسکے۔ اسی طرح گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین سیدو شریف میں موجودہ500سیٹوں کے لئے کل 1700 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اسی طرح گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ اے کے ایل کالج میں 800سیٹوں کے لئے 3630 درخواستیں موصول ہوئی ہے جبکہ کالج میں سیکنڈ شفٹ کے لئے 250سیٹوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ گورنمنٹ ڈگری کالج نمبر2مینگورہ میں کل 500سیٹوں کے لئے 5500درخواستیں موصول ہوئی ہیں یہ کالج سیکنڈ شفٹ کے لئے فی الحال تیار نہیں البتہ اس کالج میں مزید 150سیٹوں کا انتظام جلد کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ گورنمنٹ ڈگری کالج کبل میں کل 500سیٹوں کے لئے 2820 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، اس کالج میں پہلے سے ہی فرسٹ ائیر اور سیکنڈ ائیر کے کلاسز کو دو شفٹوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس کی رو سے 250 سیٹس مارننگ شفٹ کے لئے اور 250 ایوننگ شفٹ کی کلاسز کے لئے رکھی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ کو بتا یا گیا کہ انجنیئرنگ یونیورسٹی سوات کا پی سی ٹو بھی تیار ہے جبکہ یونیورسٹی کے لئے پی ایم یو پر کام جلد شروع کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے عملی اقدامات اٹھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی جبکہ صوبے میں ٹیکنیکل تعلیم پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کی جائیگی تاکہ تعلیم یافتہ نوجوانو ں کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم ہو سکے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم میں جتنی عمارتیں تیار ہیں ان کو جلد از جلد محکمہ اعلیٰ تعلیم کو سپرد کرنے کے حوالے سے محکمہ تعمیرات و مواصلات کیساتھ جلد اجلاس منعقد کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی کے لئے اعلیٰ تعلیم کا فروغ انتہائی ضروری ہے جس کے لئے صوبائی حکومت عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے دیر بالا شرینگل گماڈنڈمیں ہونے والی ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور معصوم اوربے گناہ جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دھماکہ میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ دھماکہ کے مقام پر امدادی کاروائیاں تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ یہاں سے جاری ایک مذمتی پیغام میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دنیا کا کوئی بھی مذہب معصوم اور بے گناہ لوگوں پر حملے کرنے کی اجازت نہیں دیتاجبکہ عوامی مقامات پر معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا انسانیت اور مذہب کے منافی فعل ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہناتھا کہ اس طرح معصوم شہریوں پرحملہ ایک بزدلانہ فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کیجائے،کم ہے۔شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائے گی،پوری قوم متحد ہے، ملک سے دہشتگردی کے ناسور کا صفایا ہو کر رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے دھماکہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی اورجان بحق ہونے والوں کے لئے مغفرت کی دعا کی ہے۔ 
وزیر اعلیٰ

مزید :

علاقائی -