ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ،اہم شاہراؤں کا مرمت اور بحالی کا کام شروع

ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ،اہم شاہراؤں کا ...

  

  لاہور(سٹی رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم نے ہدایت کی ہے کہ ٹیپا شہر میں بین الاقوامی معیار کی ٹریفک مینجمنٹ کے لئے فعال کردار ادا کرے۔مصروف اوقات میں سڑکوں پر ٹریفک کے رش سے بچنے کے لئے گاڑیوں کی متبادل راستوں کی طرف رہنمائی کا نظام وضع کیا جائے اوراس مقصد کے لئے ترقی یافتہ ملکوں کی طرز پر الیکٹرانک بورڈز کا استعمال کیا جائے۔نئی سڑکوں کی تعمیر سے پہلے مستقبل کی ضروریات کو پیش نظر رکھ کر منصوبہ بندی کی جائے اور ٹیپا کے لئے وسائل کے انتظام کے لئے ریونیو جنریشن کی خاطر نئے مواقع تلاش کئے جائیں -روڈ سیفٹی‘ ٹریفک انجینئرنگ اور ٹریفک سائنز کے لئے یکساں معیار اپنایا جائے-وہ اتوار کو ٹیپا کے دفتر کے دورے کے موقع پر افسران کو ضروری ہدایات دے رہے تھے- اس موقع پر چیف انجینئر ٹیپا مظہر حسین خان نے انہیں ادارے کے انتظامی ڈھانچے،ذمہ داریوں، طریقہ کار اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔بریفنگ کے موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس محمدعرفان،پراجیکٹ ڈائریکٹرز اقرار حسین، حماد الحسن، توصیف احمد اور مبین اصغر، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اسد، جنید بھٹی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم کی زیر نگرانی شہر کے مختلف علاقوں میں واقع اہم سڑکوں کی مرمت وبحالی‘ پیچ ورک‘اسفالٹ کی تہہ بچھانے‘کرب سٹون پینٹنگ اوران سڑکوں کی بہتری کے لئے58کروڑ روپے کی سکیموں پر کام  کا آغاز کر دیا گیا ہے۔گزشتہ روز آٹھ کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے متعدد سڑکوں کی مرمت و بحالی کا کام شروع کیا گیا جو45 دن میں مکمل کیا جائے گا۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ایک کروڑ 32 لاکھ روپے کی لاگت سے سمن آباد‘ گلشن راوی اور سبزہ زار سکیم میں سڑکوں کے پیچ ورک کا کام شروع کر دیا ہے۔ اسی طرح مولانا شوکت علی روڈ‘ خیابان جامعہ پنجاب‘وحدت روڈ‘ مین بلیوارڈ علامہ اقبال ٹاؤن‘ اور علامہ اقبال ٹاؤن اور مسلم ٹاؤن کی اندرونی سڑکوں کی مرمت و بحالی اور پیچ ورک کا کام بھی شروع کردیا گیاہے جس پر 7 کروڑ 62 لاکھ روپے لاگت آئے گی- 

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -