کشمیری اپنے خون سے آزادی کی شمع روشن کئے ہوئے ہیں،عرفان عباسی
لاہور (پ ر) تحریک انصا ف کے سینئر مرکزی رہنما عرفان عباسی نے کہاہے کہ کشمیری اپنے خون سے تحریک آزادی کی شمع کو روشن کیے ہوئے ہیں،کشمیری صرف اور صرف پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں اُ ن کو اُ ن کی مرضی کے مطابق آزادی دینا ہو گی، کشمیریوں نے سب سے پہلے 19جولائی 1947ء کو پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی وہ اس عظیم مقصد کی تکمیل کے لئے پون صدی سے جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں اب تک لاکھوں کشمیری اس راہ میں شہید ہوچکے ہیں۔
۔انہوں نے کہاکہ مضبوط پاکستان ہی کشمیرکی آزادی کا ضامن ہے،انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب نہ صرف کشمیر آزاد ہوگا،کشمیریوں کی واحد اور آخری منزل پاکستان ہی ہے۔ معاشی، دفاعی اور سیاسی اعتبار سے مضبوط پاکستان ہی عالمی برادری کو مجبور کرسکتا ہے کہ وہ کشمیر کی آزادی کے لئے بھارت پر دباڈالیں، کلبھوشن یادیو جاسوس کیس میں شکست سے بھار ت دنیا بھر میں بے نقاب ہوچکا ہے اور عالمی برادری جان چکی ہے کہ خطے کے امن کو تہہ وبالا کرنے میں بھارتی عناصر شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ کشمیر میں ظلم و جبر کا سلسلہ جاری ہے اور عالمی براداری نے آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔