محب وطن عوام میں بحرانوں سے لڑنے کا بھر پورجذبہ موجود ہے،ذکر اللہ مجاہد
لاہور (سٹی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت مختلف بحرانوں میں گھرا ہوا ہے لیکن اسلامیان پاکستان اور محب وطن عوام میں ان بحرانوں سے نجات پانے کیلئے پورا جذبہ اور عزم موجود ہے۔ ملک کو درپیش مسائل اور بحرانوں سے نکالنے کیلئے محب وطن دیانتدار لیڈشپ کی ضرورت ہے جو اوپر سے نیچے تک صادق اور امین ہوان خیالات کا اظہار انہوں نے مری میں جماعت اسلامی علاقہ شرقی کے زیر اہتمام تین روزہ لیڈر شپ کیمپ میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر علاقہ شرقی لاہور ڈاکٹر محمود خان، سیکرٹری علاقہ خبیب نذیر، امیر زون زائد علی کھوکھر ایڈوکیٹ، عمر حیات باجوہ، عبدالواحد باجوہ، احمد عبداللہ ایڈوکیٹ، یونس خان سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ دیانتدار لیڈر شپ کے ذریعے ملک کو اندھیروں نکال کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈالا جا سکتا ہے۔کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی اور معاشرتی اصلاح کیلئے اس باگ ڈور ہمیشہ اہل افراد کے ہاتھوں میں ہونا بے حد ضروری ہے۔
معاشرے کو درپیش تمام مسائل کا حل ایک فرد واحد سے خواہ وہ کتنی ہی اعلیٰ صلاحیت و کردار کا حامل کیوں نہ ہو ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیڈرشب سے مراد کسی فر د واحد کی آمریت ہرگز نہیں ہے بلکہ لیڈرشب (قیادت) ایک باشعور،باصلاحیت اورمخلص اجتماعیت کا نام ہے۔فکری جمود اور رواجی ذہن کی وجہ سے قوم آج قیادت کا مطلب کسی فرد واحد کی آمریت کو سمجھ بیٹھی ہے جو کہ اسلامی تعلیمات اور اصولوں کے عین برعکس ہے۔ ریاست مدینہ میں قیادت کے احکامات و نظریات کو قرآن وسنت کی کسوٹی پر پرکھا جاتا تھا یہی وجہ سے کہ ریاست مدینہ پوری دنیا میں امن امان اور انصاف پسند ریاست تھی جس میں امیر اور غریب کے حقوق برابر یکساں تھے۔