برآمدی اہداف پورے کرنے کیلئے معاشی میدان میں فوری اصلاحات لائی جائیں، صدر فیصل آباد چیمبر

  برآمدی اہداف پورے کرنے کیلئے معاشی میدان میں فوری اصلاحات لائی جائیں، صدر ...

  

فیصل آباد(  آن لائن)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر سید ضیا علمدار حسین نے معاشی میدان میں فوری اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر خزانہ سے اپیل کی ہے کہ ان کی اولین ترجیح برآمدات میں اضافہ ہونا چاہیے اور اس مقصد کیلئے ایسے اقدامات اٹھانا ہوں گے جن کے ذریعے پاکستانی برآمدات کی پیداواری لاگت کو بھی کم کیا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت طویل عرصہ سے بحرانوں کا شکار ہے جبکہ اس کے محرکات صرف معاشی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اور علاقائی سطح پر بعض قوتیں اپنے سیاسی مقاصد کیلئے پاکستان پر معاشی دباؤ بڑھا رہی ہیں جن سے نمٹنے کیلئے ایک جامع، کثیر المقاصد اور طویل المیعاد معاشی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ منجھے ہوئے ماہر اقتصادیات ہیں اسلئے انہیں چاہیے کہ وہ فوری طور پر سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا سلسلہ شروع کریں اور ان کی سفارشات پرعمل کرنے کیلئے تمام متعلقہ وزارتوں پر مشتمل ایک مکمل طور پر بااختیار اعلی سطحی بین الاوزارتی کمیٹی تشکیل دی جائے۔اس کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کیلئے ایسا جامع نظام وضع کیا جائے جس کے تحت تمام وزارتیں مکمل ہم آہنگی سے کام کریں اور انہیں متعلقہ سفارشات کو زیادہ سے زیادہ ایک ماہ کے اندر اندر حل کرنے کا ٹارگٹ دیا جائے تاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے وعدوں کے مطابق معیشت کو تنزلی سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالا جا سکے۔ 

انہوں نے اس سلسلہ میں وزیر خزانہ کو فیصل آباد کی تاجر اور صنعتکار برادری کی طرف سے بھر پور تعاون کا بھی یقین دلایا۔ #/s#

مزید :

کامرس -