قومی آمدنی میں اضافے  کیلئے نئے شعبے تلاش کئے  جائیں، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ

  قومی آمدنی میں اضافے  کیلئے نئے شعبے تلاش کئے  جائیں، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ...

  

لاہور(نیوزرپورٹر)پاکستان کی معیشت کی ترقی کیلئے قومی سطح پر ”تھنک ٹینک“ کا قیام عمل میں لایا جائے،ایسی قومی پالیسی تیار کی جائے جس پر حکومتوں کی تبدیلی کے اثرات مرتب نہ ہوں،برآمدات کے فروغ کیلئے اعلانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،پاکستانی مصنوعات کی موثر مارکیٹنگ اور تشہیر کیلئے مختلف ممالک میں منعقدہ نمائشوں میں زیادہ سے زیادہ وفود کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اب ایک دوسرے کو معاشی میدان میں پچھاڑرہی ہے اس لئے ہمیں بھی اپنے معاشی ڈھانچے کا از سر نو جائزہ لینا   چاہئے،مجموعی قومی آمدنی میں اضافے کیلئے روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ نئے ذرائع تلاش کر نے چاہئیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ قومی سطح پر ”تھنک ٹینک“ کا قیام عمل میں لایا جائے،معیشت کے حوالے سے قومی پالیسی تیار کرکے اس کی دستاویز کو قانونی حیثیت دی جائے تاکہ حکومتوں کی تبدیلیوں کے اثرات اس پر اثر انداز نہ ہوں، مختلف ممالک خصوصاًخلیجی ریاستوں کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے ہنر مند فورس تیار کر کے بھجوائی جائے۔ مقامی انڈسٹری خصوصاً برآمدی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے اور انہیں مراعات اور سہولیات دی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک خصوصاًخطے کے حریف ممالک کا مقابلہ کرنے کے لئے برآمدی انڈسٹری کی غیر مشروط سرپرستی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات معیار کے اعتبار سے اپنی پہچان رکھتی ہے  جس کیلئے موثر مارکیٹنگ کرنے سے مطلوبہ نتائج حاصل  کئے جا سکتے ہیں، مختلف ممالک میں منعقدہ نمائشوں میں مختلف تنظیموں اور ایسوسی ایشنز کے وفود کی شرکت کو یقینی بنایا جا نا چاہئے اور اہداف حاصل کر کے آنے والوں کی ستائش کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع نا قابل تسخیر ہے اب ہمیں معاشی میدان میں بھی اس ہدف کو حاصل کر نے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ 

مزید :

کامرس -