زرعی یونیورسٹی فیصل آبا دکو سب سے زیادہ پودے لگانے کا اعزاز حاصل
فیصل آباد (اے پی پی) وزیراعظم پاکستان کے پلانٹ فار پاکستان پروگرام کے تحت زرعی یونیورسٹی فیصل آبا د کے ملازمین نے فی کس دو پودے لگاکر فیصل آباد سٹی میں سب سے زیادہ پودے لگانے والی جامعہ کا اعزاز حاصل کر لیا۔ اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب میں فتح ہال کے پہلو میں منعقد ہوئی جس میں کمشنر فیصل آباد ڈویژن محمود جاوید بھٹی‘یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) اور گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خاں کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور (تمغہ ئ امتیاز) نے خصوصی طور پر شرکت کی اور املتاس‘تبوبیہ اور جامن کے پودے لگاکر قومی مہم کا آغاز کیا۔ شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد ڈویژن جاوید محمود بھٹی نے کہا کہ آج وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق ہر شہری دو پودے لگا رہا ہے ایک پودا جشن آزادی اور دوسرا شہداء کشمیرکی یاد میں لگایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد جیسے گرین کیمپس میں شجرکاری مہم کا حصہ بنتے ہوئے وہ مطمئن اور مسرور ہیں کہ یہ جامعہ شہریوں کیلئے مزید آکسیجن پیدا کرنے میں ہمیشہ کی طرح مثالی کردار ادا کرتی چلی آ رہی ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ اپنے ساتھ ساتھ اپنے ہر فیملی ممبرکودرخت لگانے کی مہم کا حصہ بنائیں اور خاص طو رپر بچوں میں یہ تعمیری شغف ضروراجاگر کریں تاکہ موسمیاتی تغیرات کے بڑھتے ہوئے اثرات کو کم کیا جا سکے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے کہا کہ یونیورسٹی اور اس کے ذیلی کیمپسز میں امسال 5لاکھ سے زائد درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس مہم کے دوران تدریسی و انتظامی سٹاف اور طلباء طالبات زیادہ سے زیادہ پھل دار اور سایہ دار پودے لگاکر مہم کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج سے پہلے یونیورسٹی میں شجرکاری مہم کے دوران ہزاروں پودے لگائے جا چکے ہیں جبکہ آج یونیورسٹی کے گارڈننگ ونگ سے ساڑھے پانچ ہزار پودے جاری کئے گئے ہیں اور ان کی ٹیم لگائے جانیوالے تمام پودوں کا مکمل ڈیٹابیس مرتب کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں‘ زمینی کٹاؤ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کی بڑی وجہ درختوں کی کمی یا ان کی کٹائی ہے۔
لہٰذا وہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان کی قیادت میں حکومت نے پوری قوم کے اندر درختوں کی اہمیت کا جو شعور اُجاگر کیا ہے وہ حوصلہ افزاء اور شیریں نتائج دے رہا ہے اور وہ دن دور نہیں جب مقرر کئے گئے حکومتی اہداف کامیابی سے حاصل کر لئے جائیں گے۔مہم کے دوران یونیورسٹی کی تمام کلیہ جات‘ تدریسی و انتظامی شعبہ جات کے ملازمین نے کیمپس کے ساتھ ساتھ اپنے گھروں میں بھی پودے لگانے کا سلسلہ سارا دن جاری رکھا۔ اس قومی مہم کے پیش نظر یونیورسٹی میں ہفتہ وار تعطیل کے باوجود انتظامیہ کی طرف سے معمول کا ورکنگ ڈے قرار دیا گیا تھا اور تمام سٹاف نے قومی ذمہ داری کے تحت پودے جوش و خروش کے ساتھ لگائے۔