کشمیر ایشو پر جنگ ہوئی تو بھارت رہے گا نہ پاکستان،نعیم الحق
اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے کہا ہے کشمیر کے معاملے پر جنگ ہوئی تو بھارت رہے گا نہ پاکستان،عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے کئی مرتبہ رابطہ کیا مگر بھارت بات کرنے سے گریز کر رہا ہے، ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیر کو آزادی نہ مل جائے اور انہیں اپنی قسمت کے فیصلے کا حق نہ مل جائے،وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنائیں گے،احساس پروگرام کے تحت 114 اسکیمیں شروع کی ہیں جس کے تحت یتیم اور بیوہ بغیر کچھ دکھائے 5 سے 10 لاکھ روپے کا قرض حاصل کرسکیں گے۔ اتوار کو پاکستان تحریک انصاف کو اقتدار میں ایک سال مکمل ہونے پر وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ ہماری حکومت نے جو بجٹ پیش کیا، پاکستان کی تاریخ میں اس سے بہتر فلاحی بجٹ سامنے نہیں آیا۔انہوں نے کہاکہ ہمارا عزم ہے کہ 5 سال میں ایک کروڑ صحت کارد جاری کردیں اور کم آمدنی والے لوگوں کو گھر فراہم کردیں گے۔انہوں نے کہاکہ ڈونلڈ ٹرمپ سے بات میں انہیں بتایا کہ ہم ایک سال بات چیت کی کوششیں کر رہے ہیں مگر مثبت جواب نہیں آتا تو انہوں نے حیرت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کا فلسفہ ہے کہ ہندوستان میں صرف ہندوؤں کی حکومت ہو اور اس فلسفے پر نریندر مودی عمل پیرا ہے تاہم ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیر کو آزادی نہ مل جائے اور انہیں اپنی قسمت کے فیصلے کا حق نہ مل جائے۔
نعیم الحق