مسائل،چیلنجز کے باوجود حکومت نے پہلے سال بہترین کارکردگی دکھائی،ہمایوں اختر

  مسائل،چیلنجز کے باوجود حکومت نے پہلے سال بہترین کارکردگی دکھائی،ہمایوں ...

  

لاہور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پہاڑجیسے مسائل اورچیلنجز کے باوجود تحریک انصاف کی حکومت نے پہلے سال بہترین کارکردگی دکھائی ہے، معیشت کی ترقی کیلئے سمت کا تعین کرکے اصلاحات کا آغاز کیا گیا جس کے ثمرات سامنے آناشروع ہو گئے ہیں،ماضی کے برعکس حکومتی سطح پر کرپشن کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہیں آیا جو وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کی کامیابی کا منہ بولتاثبوت ہے۔ حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر ا پنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو جس حالت میں ملک کی باگ ڈور ملی تھی پوری قوم اس سے آگاہ ہے۔ اپوزیشن کی سازشوں اور رکاوٹوں کے باوجود وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم نے دن رات کی محنت سے معیشت کی ڈوبتی سانسوں کو بحال کیا۔ انہوں نے کہا کہ خارجہ محاذ پر کامیابی حکومت کا بڑا کارنامہ ہے او ر وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن کیخلاف مہم کی وجہ سے انہیں نہ صرف پوری دنیا میں پذیرائی ملی بلکہ وہ سرمایہ کار جو سرخ فیتے،کمیشن اور کک بیکس کی وجہ سے پاکستان آنے سے گھبراتے تھے اب اپنا سرمایہ پاکستان میں لا رہے ہیں۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابقہ حکمران اقتدار میں آتے ہی قومی خزانے پر ہاتھ صاف کر تے تھے لیکن موجودہ حکومت نے نہ صرف کرپشن اور چور راستے بند کئے ہیں بلکہ قومی خزانے کو بھرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ دو نہیں ایک پاکستان کے نعرے کو عملی شکل دی گئی اور یہی وجہ ہے کہ کرپشن کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کے دوران بڑے قومی مجرم آج جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔انشا اللہ پانچ سال بعد جب عوام کی عدالت میں جائیں گے تو اپنے منشور کے مطابق سر خرو ہوں گے اور عوام آئندہ بھی چوروں اور ڈاکوؤں کے مقابلے میں تحریک انصاف کو اقتدار میں لائیں گے۔

ہمایوں اختر

مزید :

پشاورصفحہ آخر -