وزیر اعظم عمران خان اور ٹرمپ میں دوبارہ رابطہ ، امریکی صدرنے مودی سے گفتگو کا ذکر کیا

وزیر اعظم عمران خان اور ٹرمپ میں دوبارہ رابطہ ، امریکی صدرنے مودی سے گفتگو کا ...
وزیر اعظم عمران خان اور ٹرمپ میں دوبارہ رابطہ ، امریکی صدرنے مودی سے گفتگو کا ذکر کیا

  


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کی بگڑتی ہوئی صوتحال پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ پیر کی شب رابطہ کیا جس میں کشمیر کی بدترین ہوتی صورتحال پر توجہ دلائی گئی۔

وزیر اعظم اور ٹرمپ کے درمیان رابطے کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر کے درمیان رابطہ ہوا جس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم کیساتھ چند گھنٹے قبل ہونیوالی ٹیلی فونک گفتگو کا ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے نریندر مودی کو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کو ہر صورت مقدم رکھنے کا کہاہے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی 16 اگست کو امریکی صدر سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی تھی جس میں انھیں بھارتی وزیراعظم مودی سے بات کرنے کا کہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ بروز پیر مورخہ 19 اگست کو امریکی صدر نے بھارتی وزیراعظم سے گفتگو کی اور خطے میں کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے مودی سے گفتگو میں کشیدگی میں کمی اور علاقائی امن کو ہر صورت مقدم رکھنے کی بات کی۔ بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وزیراعظم عمران خان کے ساتھ بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ اس گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ پر واضح کیا کہ 5 اگست کے ہندوستانی اقدامات نے خطے کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر کی ہیت، آبادی اور جغرافیہ تبدیل کرنا چاہتا ہے۔وزیراعظم نے بھارتی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے امریکی صدر کو کہا کہ یہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قانون کی خلاف ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی تالا بندی سے انسانی المیہ پیدا ہو چکا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں معصوموں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ میڈیا تک کو وہاں رسائی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر دلچسپی اور کاوشوں پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے ٹرمپ سے مقبوضہ جموں وکشمیر سے فی الفور کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کیا اور ان کو وہاں کی انتہائی تشویشناک حالات بارے آگاہ کیا ۔

مزید : اہم خبریں /قومی


loading...