شجر کاری موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ،خرم گنڈا پور
لاہور(نمائندہ خصوصی)ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ شجر کار ی موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ قومی اور صوبائی سطح پر جنگلات کی بحالی کیلئے موثر اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شجر کاری کے ذریعے جنگلات کو فروغ دیا جاسکے۔ تحریک منہاج القرآن تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی سمیت زندگی کے ہر شعبے کے ساتھ مل کر پورے پاکستان میں شجر کاری مہم میں حصہ لے رہی ہے۔ مون سون کے موجودہ سیزن کے دوران ملک بھر کی تنظیمات کوپودے لگانے کے ا ہدف دے دئیے گئے ہیں۔
۔شجرکاری مہم میں چاروں صوبوں آزاد کشمیر،گلگت بلتستان میں بھی پودے لگا رہے ہیں۔ آنے والی نسلوں کا محفوظ مستقبل شجر کاری سے وابستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان،انجینئر محمد رفیق نجم،علامہ رانا محمد ادریس،نور اللہ صدیقی،جواد حامد،راجہ زاہد محمود،غلام مرتضیٰ علوی،سید مشرف شاہ،عرفان یوسف،حاجی منظور حسین،نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ،منصور قاسم،حافظ غلام فرید،عارف چوہدری و دیگر رہنما اجلاس میں موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عوام کے محفوظ مستقبل اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے جنگلات کے رقبے میں اضافہ اور درختوں کی تعداد بڑھانا ناگزیر ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے درخت قدرت کا ایک انمول تحفہ ہیں۔