اپوزیشن جتنا مرضی شور مچائے احتساب کا بیانیہ تبدیل نہیں ہو گا،ہمایوں اختر

اپوزیشن جتنا مرضی شور مچائے احتساب کا بیانیہ تبدیل نہیں ہو گا،ہمایوں اختر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جتنامرضی واویلاکرلے احتساب کے بیانیے میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی،وزیر اعظم عمران خان نے معیشت کومشکلات سے نکالنے کیلئے اپنے سیاسی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے غیرمقبول فیصلے کئے اورعوام نیک نیتی سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ ہیں،ملک و قوم کیلئے حکومت اور ادارے ایک پیج پر ہیں اور اسی وجہ سے حکومت نے بڑی کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے مختلف ونگز کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابقہ دورمیں روپے کو مصنوعی طریقے سے اوور ویلیو رکھا گیا جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔موجودہ حکومت بھی اس طرح کے مصنوعی اقدامات سے معیشت کو سہارا د ے سکتی تھی لیکن ہم ملک و قوم کی قیمت پر اپنی سیاست نہیں چمکائیں گے، وزیر اعظم عمران خان نے اپنے سیاسی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے غیر مقبول فیصلے کئے کیونکہ ہم معیشت کو حقیقی معنوں میں ترقی دینا چاہتے ہیں اور عوام حکومت کی نیک نیتی پر مبنی اقدامات سے آگا ہ ہیں۔ہمایوں اخترخان نے کہا کہ پاکستان مشکل دورسے نکل آیا ہے اوریہی اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو رہا۔ ایسی کوئی وجہ نہیں کہ 2020میں نئے انتخابات ہوں یا ان ہاؤس تبدیلی کی مشق کی جائے، اپوزیشن کی قیادت لوگوں کوساتھ رکھنے اور اپنی دلی تسکین کے لئے ایسے نعرے لگاتی رہتی ہے اورہم انہیں ایسے نعروں سے دل بہلانے سے ہرگز نہیں روکیں گے۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت اورتمام ادارے ایک پیج پر ہونے کی وجہ سے پاکستان کو حالیہ چند ماہ میں بڑی کامیابیاں ملی ہیں اور ملک و قوم کی خوشحالی کے لئے یہ سفر جاری رہے گا۔