میمن خدمت فورم 19سوپاکستانیوں کو وطن واپس لے آیا
کراچی (پ ر) دنیا بھر میں کورونا وبا کے باعث بیرون ممالک میں پھنس جانے والے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے میمن خدمت فورم اپنا نمایاں کردار ادا کررہا ہے، اب تک دبئی میں پھنسے ہوئے 1900 پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جاچکا ہے، میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے میمن خدمت فورم کے سربراہ حاجی مسعود پاریکھ نے کہا کہ ہم انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت ان پاکستانیوں کو واپس لائے ہیں، اس موقع پر ان کے ہمراہ اختر عرفان، یحییٰ پولانی اور فاروق غازیانی بھی موجود تھے۔حاجی مسعود پاریکھ نے کہا کہ جنوری، فروری میں کورونا وبا کا آغاز ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ہی ہمیں پیغامات مل رہے تھے کہ دبئی میں ہزاروں پاکستانی پھنس گئے ہیں جس کے بعد ہم نے ان سے رابطہ کیا اور بعد ازاں ایک خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے پاکستانیوں کو واپس لایا گیا، جبکہ جو رہ گئے تھے انہیں دوسری فلائٹس کے زریعے لایا گیا یہ وہ لوگ ہیں جن کی ملازمتیں ختم ہوگئی تھیں اور ان کے پاس وطن واپسی کے لئے ٹکٹ خریدنے کے لئے بھی پیسے نہیں تھے۔
ان تمام لوگوں کو وطن واپس لائے اور کراچی آمد پر انہیں کمبل، ٹافیاں چاکلیٹس اور لیڈیز سوٹ کے علاوہ پانچ ہزار روپے نقد بھی دیئے گئے تاکہ وہ اپنے گھر والوں کے سامنے شرمندہ نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہم عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے چوہدری نثار کے بھی شکر گزار ہیں جن کے تعاون کے باعث یہ کام ممکن ہوسکا۔ حاجی مسعود پاریکھ نے بتایا کہ سعودی حکام نے اجازت دے دی ہے ہم جلد ہی سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے بھی اقدامات کررہے ہیں۔
انھوں نے اپنی ٹیم کے ارکان عارف پنجابی، اے کے میمن، امین شریف، حاجی عارف اور امین مینڈا کا بھی شکریہ ادا کیا جو ان کے ساتھ شب و روز کام کررہے تھے۔